آسیہ کی بریت کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی گئی ہے،آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل قاری سلام نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق اور غلام مصطفی چوہدری کی وساطت سے دائر کی، آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلہ پر نظر ثانی کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اپیل دائر کی گئی۔نظر ثانی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ آسیہ بی بی نے تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کیا تھا۔درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ کی ایف آئی آر تاخیر سے درج کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم بے گناہ ہے۔اپیل میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ آسیہ بی بی سے متعلق بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور آسیہ بی بی کا نام نظر ثانی اپیل کے فیصلے تک ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔یہ اپیل پراسکیوشن پنجاب اور مدعی مقدمہ قاری محمدسلام کے وکلاء نے پاکستان بار کونسل ،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ،اسلام آبادبارکونسل ،اور چاروں صوبائی با رکونسلوں سے آئینی وقانونی معاملات پر مشاور ت کے بعدتیار کی ہے ۔ دوسری جانب پنجاب کے پراسیکیوشن شعبہ کی جانب سے بھی ملزمہ کی رہائی کے خلاف اپیل تیار کی گئی ہے ۔اپیلون میں سپریم کورٹ کے فیصلے پرمختلف اعتراضات بھی اٹھائے گئے ہیں اور کہاگیاہے کہ عدالت نے مفروضوں کی بنیادپر فیصلہ دیاہے جس میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے مندرجا ت کابالکل جائزہ تک نہیں لیاگیا۔مدعی کے وکیل غلام مصطفی ایڈووکیٹ نے ’’امت‘‘ سے گفتگومیں بتایاکہ اس کیس میں ایک نہیں بلکہ تین سے زائد اپیلیں تیار کی گئی ہیں ایک اپیل ان کی جانب سے ،دوسری پنجاب پراسیکیوشن کی جانب سے جبکہ تیسری دھرناشرکاء کی جانب سے دائرہوگی ۔