قیدی عدالت نہ لائے جاسکے – سماعت ملتوی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے باعث سیکڑوں قیدیوں کو عدالت نہ لایا جاسکا، جس کی وجہ سے سماعتیں ملتوی کرنا پڑیں اور مقدمات التوا کا شکار ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ملعونہ آسیہ کی بریت کیخلاف عوام کے احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے بندش کے باعث گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ، سٹی کورٹ ،ملیر کورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالتوں سمیت دیگر خصوصی عدالتوں میں وکلا اور سیکڑوں سائلین نہیں پہنچ سکے، جس سےسیکڑوں مقدمات التوا کا شکار ہوئے ہیں، جن مقدمات میں وکلا پیش نہیں ہوئے عدالتوں سے تاریخیں مل گئیں ہیں۔ سیکورٹی خدشات پر لانڈھی جیل سے سیکڑوں قیدیوں کو بھی عدالت نہ لایا جاسکا اور وہ انصاف سے محروم رہ گئے، تمام عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کیلئے آنیوالوں کی تعداد بہت ہی کم رہی۔ سینٹرل جیل کی انتظامیہ نے سیکڑوں قیدیوں کو عدالتوں میں لانے کیلئے ڈبل سیکورٹی کا بندوبست کیا تھا، قیدیوں کی گاڑیوں کیساتھ اضافی پولیس موبائلیں بھی تھیں، ایک پولیس موبائل میں 5 اہلکار تھے ،جبکہ قیدیوں کی گاڑیوں میں بھی 5 پولیس اہلکار تھے ،تاکہ ناخوشگوار واقعات سے نمٹا جاسکے جب سینٹرل جیل کے قیدیوں کو عدالتوں میں پیش کیا گیا تو مقدمات کی سماعت ختم ہونے کے فوری بعد قیدیوں کو واپس سینٹرل جیل پہنچایا جاتا رہا۔