دینی جماعتوں نے آج ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا

0

کراچی/لاہور(اسٹاف رپورٹر/نمائندہ خصوصی) دینی جماعتوں نے ملعونہ آسیہ کی رہائی کے فیصلے کیخلا ف آج ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔ملی یکجہتی کونسل،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور جے یو آئی کے رہنماؤں نے کہا کہ گستاخ رسولؐ آسیہ کی رہائی کے عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ۔عاشقان رسولؐ آج سندھ سمیت ملک بھر میں احتجاج کریں گے ۔عدالتی فیصلہ اور حکومتی رویہ مایوس کن ہے۔حکومت پرامن احتجاج میں رکاوٹ نہ ڈالے ۔دفعہ 144 ختم کی جائے اور معلونہ آسیہ کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزملی یکجہتی کونسل کے تحت منصورہ میں ہنگامی اجلاس میں دینی جماعتوں کے مشترکہ ردعمل کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا اورکل مرکز القادسیہ میں آل پارٹیز کانفرنس ہوگی ۔ اجلاس میں 15 دینی جماعتوں کے 35 نمائندوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر پروفیسر عبدالرحمن مکی ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، مولانا عبدالمالک ، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم ، امیر حمزہ ، سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف اور مختلف دینی جماعتوں کے مرکزی رہنما بھی موجود تھے ۔اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ملی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک بھر میں احتجاج کے بعد حکمرانوں کو سمجھ جاناچاہیے کہ قوم تحفظ ناموس رسالتؐ کے مسئلہ پر متحد ہے اور خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے وزارت مذہبی امور سے تحفظ ناموس رسالتؐ سیل کو دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔اجلاس میں کل آل پارٹیز کانفرنس بلانے اورقانونی ماہرین سے بھی مشاورت کی جائے گی۔دریں اثنا ادارہ نورحق میں ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل سند ھ کے صدر اسد اللہ بھٹو ودیگر رہنما ؤں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح آج سندھ میں یوم احتجاج منائیں گے ۔حکومت پرامن احتجاج میں رکاوٹ نہ ڈالے ۔دفعہ144 اور ڈبل سواری پر پابندی ختم کی جائے ۔ جب کہ نیو کراچی میں سندھی ہوٹل کے قریب احتجاج کےدوران پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کی جائے ۔دوسری جانب عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور جمعیت علما اسلام کی جانب سے بھی کراچی ،لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنے دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔جب کہ جماعت اسلامی کےتحت کراچی ،لاہور ، مری،گوجرخان،واہ کینٹ ،ٹیکسلا،کلرسیداں ،راولپنڈی بھر میں مظاہرے کئے جائیں گے ۔جب کہ اہلسنّت و الجماعت کے مرکزی رہنماؤں نے جمعہ کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔دریں اثنا جمعرات کو ایم ایس او راولپنڈی کے رہنماوں نے فیض آباد دھرنے میں شرکت کی ۔ مرکزی ناظم اعلیٰ ایم ایس اوپاکستان محسن خان عباسی نے عدالت عظمیٰ کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے اور اس فیصلہ کو کالعدام قرار دینے کا بھر پور مطالبہ کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More