پاکستانی معیشت کو مشکل صورتحال سے نکالنے کا چینی عزم
بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے پاکستانی معیشت کو درپیش مشکل اقتصادی صورتحال سے نکلنے میں مدد دینے اور حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے اس عزم کا اظہار جمعہ کو بیجنگ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات میں کیا۔مغربی خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں عمران خان نے پاکستان کو درپیش مالی بحران کے حوالے سے چینی صدر شی جن پنگ سے تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے چین کے ’گریٹ ہال‘ میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے کے امور پر بھی بات ہوئی۔وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں تبادلہ خیال میں کہا کہ ان کی حکومت قائم ہوئے صرف دو ماہ گزرے ہیں۔ بدقستمی سے پاکستان کو مشکل اقتصادی صورت حال کا سامنا ہے۔ پاکستانی معیشت کو مالی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا ہے۔ یہ دوہرا نقصان ہے۔پاکستان چین کی ترقی سے بہت متاثر ہے اور چینی صدر کی قیادت اور نظریہ رول ماڈل ہے۔ چین نے جس انداز سے غربت اور بدعنوانی کے مسئلے پر قابو پایا ہے اس کی مثال نہیں۔ پاکستان چین کے اسی تجربے سے فائدہ اٹھانے کا خواہش مند ہے۔جواب میں چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات سے خطے کے دوسرے ممالک بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں، ان میں نئی جہت آرہی ہے۔چینی صدر نے یقین دلایا کہ وہ پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے دوطرفہ اور دیرینہ تعلقات کی بنیاد پر چین پاکستان کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ملاقات میں عمران خان نے چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے پاکستان کو ملنے والے مالیاتی پیکج پر بات چیت کی۔ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان کو چین سے سی پیک منصوبوں کے لیے 6ارب ڈالرز کا پیکج جبکہ ڈیڑھ ارب ڈالرز قرضہ ملنے کا امکان ہے اور چین سے ملنے والے ڈیڑھ ارب ڈالرز اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے جائیں گے۔دونوں وفود کے درمیان درآمدات اور برآمدات کے حجم کو برابر کرنے پر بات چیت کی گئی جب کہ اقتصادی راہداری منصوبے میں دیگر ممالک کو شامل کرنے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔پاکستان وفد کی جانب سے خواہش کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان چین کے غربت اور کرپشن کے خاتمے پر اقدامات پر مدد حاصل کرنا چاہتا ہے اور ذراعت کے حوالے سے چینی ماہرین کی ٹیمیں بھی جلد پاکستان آئیں گی۔وزیراعظم آج ہفتہ کو تیان من اسکوائر میں پیپلز ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے جبکہ آج ہی نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین سے ملاقات ہوگی۔بعد ازاں وزیراعظم کے اعزاز میں گریٹ ہال میں خیرمقدمی تقریب ہوگی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان آج مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد وہ چین کے وزیراعظم کی طرف سے دی گئی ضیافت میں جائیں گے۔ آج ہی وزیراعظم عمران خان کی چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات طے ہے۔کل اتوار کو وزیراعظم سینٹرل پارٹی اسکول میں خطاب کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے، جہاں وہ چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شرکت کریں گے۔چین کے صدر کل اتوار کو امپورٹ ایکسپو میں شریک رہنماؤں کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان 5نومبر کو شنگھائی میں ویت نام کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ اسی روز وہ شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات اور پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے اور پھر وطن واپس روانہ ہوں گے۔