سولجر بازار اور کورنگی میں پی ٹی آئی کے دفاتر پر حملے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سولجر بازار اور کورنگی میں تحریک انصاف کے دفاتر پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سولجر بازار میں واقع تحریک انصاف کے دفتر پر نامعلوم افراد نے دھاوا بول کر باہر لگے پوسٹر اور بینرز پھاڑ دیئے۔دفتر بند ہونے کی وجہ سے وہ اندر گھس نہ سکے۔اطلاعات کے مطابق مذکورہ دفتر میں رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی کا دفتر بھی قائم ہے۔دوسری جانب کورنگی میں بھی پی ٹی آئی کے رابطہ آفس میں نامعلوم افراد نے گھس کر توڑ پھوڑ کی۔مشتعل افراد نے دیواروں پر وال چاکنگ بھی کی، جبکہ پوسٹرز بھی پھاڑدیئے، جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔پولیس کہا کہ ان کے علم میں حملوں سے متعلق کوئی بات نہیں آئی اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے۔علاوہ ازیں ترجمان تحریک لبیک کراچی محمد علی رضوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم پی اے جمال صدیقی کے دفتر پر حملے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ملک بھر میں جاری 3ہزار سے زائد دھرنوں کے باوجود شرکاء نے کہیں بھی تشدد کا راستہ نہیں اپنایا۔تحریک انصاف والے ’’مقبوضہ میڈیا‘‘ کے ذریعے ہمارے پُرامن دھرنوں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری عمران خان کی خوشنودی کے لیے تحریک لبیک کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔سولجربازار میں تحریک لبیک نے کوئی دھرنا نہیں دیا۔جمال صدیقی کے دفتر پر حملے میں پی ٹی آئی کے اپنے متحارب گروہ ملوث ہیں۔