عبداللہ گل قاتلانہ حملے میں محفوظ
راولپنڈی(نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک) جنرل حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل پربھی قاتلانہ حملہ کیا گیا تاہم وہ محفوظ رہے۔عبداللہ گل پراسلام آباد سے راولپنڈی جاتے ہوئے اسلام آباد ہائی وے پر فائرنگ کی گئی۔ وہ جیپ میں سوار تھے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ پسٹل سے کی گئی تاہم عبداللہ گل محفوظ رہے ۔ حملے کی تصدیق عبداللہ گل نے کر دی۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئےعبداللہ گل نے کہاکہ وہ اسلام آباد سے اپنی جیپ میں آرہے تھے۔ راول پنڈی میں پرانے ائیرپورٹ کے قریب انھیں پچھلی جانب سے دو گاڑیاں نظر آئیں، انھوں نے حملہ آوروں کےعزائم پہلے ہی بھانپ لئے تھے اور انھیں ہتھیار بھی نظر آگئے تھے۔عبداللہ گل کے مطابق انہوں نے فوری طور پر اپنی جیپ کچی سڑک پر ڈال دی جو ون وے تھی۔اس مقام پر حملہ آوروں نے ان پر 7، 8 فائر کیے اور فرار ہوگئے۔ عبداللہ گل نے کہا کہ انھیں پہلے بھی دھمکیاں مل چکی تھیں،ان دھمکیوں سے ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب اور وزارت داخلہ کو بھی آگاہ کیا تھا۔