پابندیوں سے ایران نئی ڈیل پر مجبور ہو جائے گا- ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پابندیوں کے نتیجے میں ایران ایک نئی ڈیل پر رضامند ہو جائے گا اور اسی کے نتیجے میں ایران معاشی ترقی کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق ٹرمپ نے 2015کی ایرانی جوہری ڈیل کو ایک مرتبہ پھر بیکار قرار دیا ہے۔ اس ڈیل سے امریکی صدر نے علیحدگی کا اعلان رواں برس مئی میں کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ظالمانہ ایرانی حکومت پر سخت ترین پابندیوں کا نفاذ کر دیا گیا ہے اور انہی شدید پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی حکومت ڈیل کی کوشش کرے گی۔ امریکی صدر نے یہ بیان اپنے ملک کے وسط المدتی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران دیا۔