ڈیڑھ کروڑ چوری کا مرکزی ملزم چھوڑنے پر تھانیدار-ہیڈ کانسٹیبل گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)منگھو پیر پولیس نے نیا ناظم آباد کے دفتر میں ایک ماہ قبل ہونے والی ڈیڑھ کروڑ کی چوری کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد رشوت لیکر چھوڑنے پر ایس ایچ او شارع نور جہاں اور ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر پولیس نے گزشتہ ماہ نیا ناظم آباد کے دفتر سے ایک کروڑ 39کی ڈکیتی کے مرکزی ملزم رستم کو گرفتار کیا، تو اس نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ مجھے واردات کے بعد شارع نورجہاں پولیس نے گرفتار کرلیا تھا، تاہم شارع نورجہاں تھانے میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل ریاض جو میرا رشتے دار بھی ہے۔اس کے ذریعے معاملہ طے ہونے پر میں نے ایس ایچ او راؤ عمیر کو 4 لاکھ روپے رشوت دیکر رہائی پائی۔سابق ایس ایچ او منگھو پیر ادریس پاشا نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کے انکشاف پر تفتیش کی گئی، تو معاملہ سچ ثابت ہوا۔ایس ایچ او راؤ عمیر اور ہیڈ کانسٹیبل ریاض کی نشاندہی پر رشوت کی رقم 4لاکھ روپے برآمد کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ نمبر 346/18درج کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ دونوں افسران کو معطل بھی کیا جاچکا ہے۔ واضح رہے کہ ڈکیتی کا مقدمہ منگھوپیر تھانے میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد 25اکتوبر کو پولیس نے ملزم ناصر احمد کو گرفتار کیا تھا اور اس کی نشاندہی پر رستم کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔