شہادت پر ملک گیر احتجاج – شاہراہ قراقرم بلاک

0

کراچی/حیدرآباد/ کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر/نمائندگان امت)جمعیت علمائے اسلام( س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی شہادت پر کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاج کیا گیا اور کئی ریلیاں نکالی گئیں۔ خیبر پختون کے ضلع کوہستان کے مرکزی شہر کمیلا میں ہزاروں افرادنے دھرنا دے کر کئی گھنٹے تک شاہراہ قراقرم بند کر دی تفصیلات کے مطابق مولانا سمیع الحق کی نا معلوم افراد کے ہاتھوں شہادت کیخلاف ہفتہ کی صبح گلشن چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ اس دوران رکاوٹیں کھڑی کر کے نیپا سے گلشن چورنگی اور سہراب گوٹھ سے گلشن چورنگی آنے والی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ۔ایک گھنٹے تک بد ترین ٹریفک جام رہا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے مولانا سمیع الحق کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارکنان نے نعرے بازی کی اور ایک گھنٹے بعد پرامن طور پر منتشر ہو گئے ۔ہفتہ کو حیدر آباد، میر پور خاص، سکھر، ٹنڈو الٰہیار، ٹھارو شاہ،جیکب آباد،شکارپور میں بھی مظاہرے ہوئے ،ریلیاں نکالی گئیں۔حیدر آباد میں پریس کلب کے سامنے دھرنا بھی دیا گیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (س) کے مولانا عبدالواحد سواتی،حافظ ارمان چوہان،عبدالسلام قریشی، سعد اﷲ سواتی، جماعت اسلامی کے ڈاکٹر سیف الرحمن، حافظ طاہر مجید، جے یو آئی (ف) کے مولانا تاج محمد ناہیوں، مفتی حبیب اﷲ، اعظم جہانگیری، ملی مسلم لیگ کے فیصل ندیم، راہ حق پارٹی کے عاصم شاہ، شبیر احمد، جے یوپی کے یونس دانش اور دیگر نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت کے پیچھے عالمی قوتیں ہیں جو پاکستان میں امن کا کردار ادا کرنے والوں کو برداشت نہیں کرتیں۔ مولانا سمیع الحق اتحاد و اتفاق کی علامت تھے۔ میرپور خاص میں مظاہرین سے خطاب میں مبلغ ختم نبوت مولانا مختار احمد نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت سے اضطرابی کیفیت پیدا ہوگئی۔سکھر میں مظاہرین سے مولانا عبداللہ مہر، مولانا تاج محمد مہر،حافظ رفیق احمد شر، مولانا عبدالقدوس کھوسہ،مولانا رحیم بخش مہر،عبدالمومن مہر، محمد داؤد ٹانوری و دیگر نے خطاب کیا اور جید عالم دین کے قتل کو بہت بڑا سانحہ قرار دیا۔ خیبر پختون کے ضلع کوہستان کے مرکزی شہر کمیلا میں ہزاروں افراد نے شاہراہ قراقرم بلاک کرکے احتجاج کیا ۔مقررین نے کہا کہ حکومت قاتلوں‌کو فوری گرفتار کرکے سزائے موت دلائے۔بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے تحت بڑی ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت مولانا عبدالقادر لونی اور دیگر علما نے کی ۔ریلی کے شرکا نے مولانا سمیع الحق کی شہادت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More