امت رپورٹ
مسلسل تنازعات کا شکار رہنے والے پاکستانی ٹیم کے تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل اور اور بیڈ بوائے کے نام سے مشہور قومی اوپنر احمد شہزاد کو پی ایس ایل سیزن فور میں میں شرکت یقینی بنانے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کلیئرنس درکار ہوگی۔ ذرائع کے مطابق 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والی پی ایس ایل فور ڈرافٹنگ سے قبل دونوں کھلاڑیوں کو چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو مطمئن کرنا ہوگا۔ عمراکمل نے فکسنگ کے حوالے جو انکشافات کئے تھے ان کی بھی تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ کو وضاحت پیش نہیں کی ہے۔ جبکہ قطری نیوز چینل کی فکسنگ کے حوالے سے جاری کی جانے والی ڈاکومنٹری میں ان کی بکی کے ہمراہ تصویر کے حوالے سے پی سی بی نے وضاحت طلب کر رکھی ہے۔ جس کا جواب بھی انہوں نے اب تک نہیں دیا۔ ذرائع کے بقول عمراکمل اس حوالے سے جلد پی سی بی حکام کے سامنے پیش ہوں گے۔ کیونکہ انہیں معلوم ہوگیا ہے کہ اگر انہوں نے جواب داخل نہیں کرایا تو پی ایس ایل فور ڈرافٹنگ سے ان کا نام خارج کردیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن سے قبل لاہور قلندرز نے ٹریڈ ڈیل کے دوران تجربہ کار کھلاڑیوں عمر اکمل اور سنیل نارائین کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ٹریڈ کرلیا۔ پی ایس ایل کی فرینچائز کے درمیان مذکورہ ڈیل کو اب تک کی سب سے بڑی ڈیل قرار دیا جارہا ہے۔ ٹریڈ ڈیل کے دوران لاہور قلندرز نے اپنے تجربہ کار کھلاڑیوں کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے حسان خان اور راحت علی کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ سنیل نارائین 2017 کے ایڈیشن میں پی ایس ایل کا حصہ بنے اور انہوں نے گزشتہ 2 ایونٹ لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ عمر اکمل پی ایس ایل کے اہم بلے بازوں میں شامل ہیں جہاں وہ 20 میچز میں 138 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 556 رنز اسکور کر چکے ہیں۔ پی ایس ایل کے اب تک ہونے والے تینوں ایڈیشنز میں عمر اکمل نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کی ہے، جبکہ چوتھے ایئڈیشن میں پہلی مرتبہ وہ کسی دوسری ٹیم کے ساتھ نظر آئیں گے۔ لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ افسر عاطف رانا نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ لاہور قلندرز کی انتظامیہ اور مداحوں کی جانب سے عمر اکمل اور سنیل نارائین کو لاہور قلندرز کیلئے خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسپنر حسان خان اور فاسٹ بالر راحت علی کو لاہور قلندرز میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ڈاکٹر ندیم عمر نے اپنے بیان میں کہا کہ عمر اکمل اور سنیل نارائین ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں جو آئندہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنیل نارائین ایک جادوگر اسپنر ہیں اور وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں میچ وونر ہیں، جبکہ عمر اکمل پاکستان کے جارح مزاج بیٹسمین ہیں جن کی شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ لائن مزید مضبوط ہوگی۔ ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پابندی کے باوجود میچ کھیلنے پر احمد شہزاد کی سزا میں 6 ہفتے کا اضافہ کر دیا۔ احمد شہزاد ڈوپ ٹیسٹ کی وجہ سے ان دنوں پابندی کا شکار ہیں۔ ان پر 11 نومبر تک پابندی عائد تھی، جس میں اب مزید 6 ہفتے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ رواں سال مئی میں منعقدہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوران لیا گیا تھا، کرکٹر بلوچستان ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے۔ ڈوپ ٹیسٹ میں حشیش کی مقدار پائی گئی تھی، یہ قوت بخش ادویات میں شمار تو نہیں ہوتی تاہم حشیش نشہ کے زمرے میں ضرور آتی ہے۔ احمد شہزاد نے شوکاز نوٹس کے جواب میں موقف اختیار کیا کہ وہ کرکٹ سرگرمیوں کو جاری رکھنا چاہتے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرافٹنگ سے قبل احمد شہزاد کا ایک اور ڈوپ ٹیسٹ لیا جائے گا۔ ان پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ حشیش کے استعمال کے عادی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان سُپر لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔ جس میں تمام فرنچائز مالکان شرکت کریں گے۔ رواں سیزن میں حصہ لینے والے 6 فرنچائز مالکان 13 اکتوبر تک اپنے ساتھ وابستگی برقرار رکھنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیں گے، قانون کے مطابق ہر ٹیم 10 پرانے کھلاڑیوں کو ساتھ رکھ سکتی ہے۔ رواں برس لیگ میں نامور انٹرنیشنل کھلاڑی اے بی ڈویلیرز، اسٹیو اسمتھ، کیورن پولارڈ، کولن مونرو، شین واٹسن، سنیل نارائن، کرس لین اور ڈیرن سیمی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ قومی ٹیم کے نامور کھلاڑی سرفراز احمد، شاہد خان آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی اور فخر زمان سمیت دیگر بھی ایکشن دکھائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز آئندہ برس 14 فروری سے دبئی میں ہوگا، جبکہ فائنل 17 مارچ کو کراچی میں منعقد کیا جائے گا۔ پی ایس ایل کے آخری 8 میچز بھی پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
٭٭٭٭٭
Next Post