بچی اغوا کرانے میں ماں ملوث نکلی -4گرفتار
میرپورخاص(بیورو رپورٹ) میرپورخاص میں ایک روز قبل ڈکیتی کے دوران بچی کے اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا۔ سنگدل ماں نے واقف کار سے ملکر خود ہی بچی کے اغواکا ڈرامہ رچایا۔ پولیس نے اغواکے ڈرامے میں ملوث بچی کی ماں سمیت تین مرد اور ایک خاتون کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ اس حوالے سے اے ایس پی محمد عمران مرزا نے ٹاؤن تھانے پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کھار پاڑا کے رہائشی ظفر ملک کی زوجہ سنیہ نے اپنے ایک جاننے والے شخص ارشاد ملک کے ساتھ ملکر اپنی نومولود بچی کے اغواکا ڈرامہ رچایا ۔پولیس نے سنیہ اور اس کے شوہر ظفر ملک سے تحقیقات کیں ،جس کے بعد تمام حقائق کھل کر سامنے آئے آئے۔ ایس پی نے مزید بتایا کہ ہماری پوری ٹیم جس ایس ایچ او ٹاؤن تصورجٹ،انسپکٹر غلام حسین سدایو،ڈی آئی بی انچارج محمد دانش اور دیگر نے24گھنٹے کے اندر بچی کو بازیاب کروا کر بچی کی ماں سنیہ ، ہیر آباد کے رہائشی ارشاد ملک ، مہاجر کالونی کے رہائشی کامران ،ماروی ٹاؤن کے رہائشی امتیاز اور اسکی زوجہ سونیا کو گرفتار کرکے اغوائ،ڈکیتی اوردخل اندازی کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ارشاد ملک اورسنیہ کے آپس میں تعلقات تھے اور سنیہ نے پولیس کو بتایا کہ میرے شوہر نے مجھ سے بیٹے کی پیدائش کی خواہش پر دوسری شادی کی تھی اور میرے شوہر کی پہلی بیوی سے بھی 4بیٹیاں ہیں ،لیکن مجھے بھی دوسری اولاد بیٹی ہی کی ہوئی ۔اسلئے میں نے ارشاد ملک اور کامران کے ذریعے اپنی بیٹی کو کسی اور کے حوالے کرنے کا پروگرام بنایا اور میں نے اپنے شوہر کو مطمن کرنے کیلئے میں اپنی بیٹی کے اغوااور ڈکیتی کا ڈراما رچایا،بعد ازاں پولیس حراست میں موجود امتیاز اور اسکی بیوی سونیا نے صحافیوں کو بتایا کہ ارشاد ملک اور کامران بچی کو لیکر ہمارے گھر پر آئے اور کہا کہ اس بچی کے والدین انتہائی غریب ہیں وہ اس بچی کی پرورش نہیں کرسکتے اسلئے اس بچی کو آپ اپنے پاس رکھو جس پر ہم میاں بیوی نے خوشی کا اظہار کیا اور بچی کو اپنے پاس رکھ لیا لیکن بعد میں پولیس نے ہمارے گھر چھاپہ مارا تو ہمیں حقیقت کا علم ہوا ،گرفتار ملزم ارشاد ملک اور کامران نے صحافیوں کو بتایا کہ سنیہ نے ہمیں کہا کہ میرا شوہر بچی کے دودھ کے لئے بھی پیسے نہیں دیتا اس لئے تم میری مدد کرو اور اس بچی کو کسی کے حوالے کردو جس پر ارشاد نے سنیہ کے گھر سے بچی کو اٹھایا اور امتیاز کے حوالے کیا۔