فیس بکس پیج ڈرٹی نائٹس کا خالق پکڑا گیا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بوٹ بیسن پولیس نے‘‘ڈرٹی نائٹس’’ نامی فیس بک کے خالق کو دھر لیا۔ ملزم سوشل میڈیا پرغیر اخلاقی سرگرمیوں کی تشہیرکرکے شہریوں سے رقم بٹورتا تھا۔ ایس پی کلفٹن سہائی عزیز نے اتوار کو اپنے دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم ارسلان قمر کو کلفٹن فیز 4 خیبر ہوٹل کے قریب کارروائی میں گرفتارکیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے فیس بک پر غیراخلاقی سرگرمیوں سے متعلق ‘‘ڈرٹی نائٹس’’ کے نام سے پیج بنا رکھا تھا، جس کے تحت 3نومبر کو ایک پارٹی منعقد کی جانی تھی، جس میں ڈی جیز کو شرکت کرنی تھی اور کمروں کی بکنگ بھی کرائی جانی تھی۔ پارٹی میں شرکت کیلئے ٹکٹ 25ہزار روپے کا رکھا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم ارسلان نے حقیقت میں ایسی کوئی پارٹی منعقد ہی نہیں کرانی تھی ، بلکہ وہ نوجوان جوڑوں سے رقم بٹورکر فرار ہوجاتا۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ فیس بک پر اس طرح کے پیج بناتا رہتا ہے اور نوجوان جوڑوں سے رقم بٹورنے کے بعد پیج ڈیلیٹ کردیتا ہے اور اپنی فیس بک ڈی ایکٹیو کرکے نمبر تبدیل کردیتا ہے۔ ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ ملزم شہریوں سے لوٹی گئی رقم ختم ہونے کے بعد پھر فیس بک پرکوئی اور پیج بناکر شہریوں کو لوٹنے کا منصوبہ بناتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس نے اپنا مخبر اس کا کلائنٹ بنایا تھا، جس نے ملزم سے پارٹی میں شرکت کیلئے 25ہزار کا ٹکٹ بھی خریدا اور جب مخبر نے فون کرکے پوچھا کہ پارٹی کب ہے تو ملزم نے کہا کہ کوئی پارٹی نہیں ہے اور آئندہ اس سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہ کیا جائے، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ ایس پی کلفٹن کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ماضی میں 4بار ڈانس پارٹیاں بھی منعقد کرا چکا ہے، جس میں شرکت کیلئے 2شہریوں سے 25،25ہزار لئے تھے، جو پولیس نے ملزم سے برآمد کرلئے اور اس کا موبائل فون بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ‘‘ریسکیوئنگ یوتھ سیونگ فیوچر’’ کے عنوان سے جرائم کیخلاف ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ کلفٹن پولیس کو واضح ہدایت ہے کہ وہ کسی بھی شادی شدہ جوڑے کو تنگ نہیں کرے گی، نہ ہی ان سے نکاح نامہ مانگے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More