کراچی (اسٹاف رپورٹر)مولانا سمیع الحق کی شہادت کے بعدان کے صاحبزادے حامدالحق حقانی کو جے یو آئی (س ) کا قائم مقام امیر منتخب کر لیا گیا۔ گزشتہ روز جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں تعزیتی اجلاس ہوا ، جس میں خیبر پختون کے امیر مولانا یوسف شاہ ،پنجاب کے امیرمولانا بشیر احمد شاد ،بلوچستا ن کے امیرمولانا محمد درویش اور سندھ کے امیر مولانا اقبال اللہ کے علاوہ مرکزی سیکریٹری جنرل عبدالرؤف فاروقی نے شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا سمیع الحق کے بڑے صاحبزادے حامد الحق حقانی کوجے یو آئی (س)کا قائم مقام امیر منتخب کیا گیا ۔ ان کا نام چاروں مرکزی نائب امرا نے متفقہ طور پر تجویز کیا تھا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ جمعہ کو مولانا کی المناک شہادت کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا۔جے یو آئی (س)کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس 11۔12نومبر کو لاہور میں ہو گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل اور دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ کا اعلان کیا جائے گا ۔