خیبر پختون میں بے نامی اکاونٹس کی کڑیاں سینیٹ الیکشن سے ملنے لگیں

0

پشاور(نمائندہ امت )خیبر پختون میں ایف آئی اے نے گھریلو ملازمین کے نام پر کھولے گئے 30بے نامی اکاؤنٹس کا کھوج لگالیا ہے۔ان کھاتوں کے ذریعے صوبے کے بیشتر اضلاع میں 10 ارب کی ٹرانزیکشن سامنے آ گئی ہیں۔ اکاؤنٹس کی کڑیاں مارچ2018 کے سینیٹ الیکشن سے جاملی ہیں اور اس ضمن میں بڑے بڑے نام سامنے آنے کا امکان ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خیبرپختون طارق پرویز کے مطابق یہ بے نامی کھاتے 12 سے 15 ہزار ماہوار پر کام کرنے والے 8 گھریلو ملازمین کے نام پر کھولے گئے ۔بونیر ،سوات ، کالام اور بشام کے بینکوں میں بھی بے نامی اکاؤنٹس ہیں۔بے نامی اکاؤنٹس ہولڈرز کے شناختی کارڈ نمبرز اسٹیٹ بینک کو بھیج دیے گئے ہیں اور ان کے ناموں پر منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں کی جانچ پڑتال بھی جاری ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر قائم جے آئی ٹی کو دیدی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف آئی اے کے اسپیشل ونگ کمرشل بینک سرکل کی ایک ماہ کی محنت کے بعد پشاور اور مختلف اضلاع میں جعلی اکاؤنٹس سے اربوں کی ٹرانزیکشن سامنے آئی ۔یہ بات بھی سامنے آئی کہ بااثر شخصیات نے ملازمین کے نام پر اکاؤنٹس بنوائے اور اکاؤنٹس کی کڑیاں سینیٹ الیکشن سے بھی ملتی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ بے نامی اکاونٹس سے سینیٹ الیکشن کے وقت 5 ارب کی ٹرانزیکشن ہوئی تھی۔یہ اکاؤنٹس پشاور فخر عالم روڈ پر واقع بینک اور مینگورہ میں قائم نجی بینک کے ہیں ، تاہم حتمی بات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی ۔مارچ 2018 میں سینیٹ کے الیکشن کے وقت 20 سے زائد ممبران خیبر پختون اسمبلی پر ووٹ بیچنے کا الزام لگا تھا ۔تحریک انصاف نے اس پر اپنے 20ایم پی ایز کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔عمران خان نے ایک پریس کانفرنس میں فی ووٹ4کروڑ کے عوض بکنے کا دعویٰ کیا تھا ۔تحریک انصاف نے نرگس علی،دینا ناز، نگینہ خان،نسیم حیات و فوزیہ بی بی،سردار ادریس، عبید مایار، زاہددرانی،قربان علی ، امجد آفریدی ، جاوید نسیم، یسیٰن خلیل ، فیصل زمان ، سمع علیزئی پر ووٹ بیچنے کا الزام لگایا تھا۔عمران خان نے قومی وطن پارٹی کےمعراج ہمایوں،خاتون بی بی،عوامی جمہور اتحاد کے بابر سلیم اور نواز لیگ نواز کے وجیہہ زمان کے نام لئے تھے اور ان کے بارے میں ثبوت قومی احتساب بیور و کو دینے کا اعلان کیا تھا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More