ڈوڈوچہ ڈیم کیلئے 2 ارب 80کروڑمختص
اسلام آباد(امت نیوز) ملک میں ڈیموں کی تعمیر کے مشن کے حوالے سے پنجاب حکومت سب پر سبقت لے گئی۔ ڈوڈوچہ ڈیم کی تعمیر اسی ماہ شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ میں پلان جمع کرادیا۔سپریم کورٹ میں ڈوڈوچہ ڈیم کی تعمیرسے متعلق کیس کی سماعت کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے ڈیم کی تعمیر کا پلان جمع کرادیا گیا۔نمائندہ صوبائی حکومت نے بتایا کہ اسی مہینے ڈیم کی تعمیر کام کر دیا جائے گا اورزمین کی خریداری کیلئے پنجاب حکومت نے بجٹ میں 2 ارب 80کروڑ روپے مختص کردیے گئے ہیں۔منصوبے کے تحت ڈیم دو سال کی قلیل مدت میں مکمل ہوگا جبکہ نومبر 2020تک ڈیم میں پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کو ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دے رکھا ہے ۔یکم نومبر کو ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس نے پیر کو ڈوڈوچہ ڈیم راولپنڈی کی تعمیر کے مراحل اورمرحلہ وار پلان جمع کرانے کاحکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ 4سال سے ٹال مٹول کی جارہی ہے۔ آبی وسائل تعمیر کرنے ہیں، ڈیمز کی تعمیر میں بیورو کریسی کے معاملات کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، ڈوڈوچہ ڈیم کی تعمیر میں رکاوٹ ڈالنے والے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔