محسن خان کو متنازعہ بیانات پرنوٹس جاری
لاہور (امت نیوز) پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن خان کو متنازعہ بیانات پرنوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ بیان بازی سے روک دیاگیاہے، انہیں صرف کرکٹ امورز پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔بورڈ نے مستقبل میں کسی ناخوشگوار صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے ابھی سے متبادل کے لیے بھی مشاورت اور نئے امیدوار کی تلاش شروع کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی سابق کرکٹر کی طرف سے دئیے گئے بیانات سے سخت ناخوش ہیں، بورڈ سربراہ نے ان بیانات کا نوٹس لیاہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ کسی ممکنہ ایشو سے بچنے کے لیے بورڈ نے انہیں محتاط رہنے اور بیان بازی سے باز رہنے کو کہاہے۔انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف کرکٹ کمیٹی کے حوالے سے اپنے کام پر دھیان دیں کیونکہ ان کے بیانات سے تنازعات جنم لے رہے ہیں اور پی سی بی کے لیے مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔
٭٭٭٭٭