نان فائلرپرنئی گاڑیوں کی خریداری پرپابندی کیخلاف درخواست پرنوٹس
اسلام آباد(نمائندہ امت)اسلام آبادہائیکورٹ نے نان فائلرپر نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے پابندی کے خلاف درخواست پر سیکرٹری فنانس ،چیئرمین ایف بی آر اور ڈائریکٹرجنرل موٹررجسٹریشن کو نوٹس جاری کردیئے جبکہ عدالتی معاونت کیلئے اگلی سماعت پر اٹارنی جنرل کو طلب کرلیاگیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران موٹرڈیلرزکی طرف سے ڈاکٹربابر اعوان کے پیش ہونے پرجسٹس عامرفاروق نے کہاکہ اپنی ہی ترمیم کو چیلنج کرنے آگئے ہیں۔ڈاکٹربابر اعوان کاکہناتھاکہ جی اپنی ترمیم کو چیلنج کیاہے۔ عدالت نے استفسارکیاکہ کیا فنانس سپلیمنٹری بل 2018 میں یہ شقیں شامل ہیں۔بابر اعوان کا کہناتھاکہ ضمنی بجٹ میں انکم ٹیکس آرڈیننس 227 اے اور بی آئین سے متصادم ہیں،نئی گاڑیوں کے لئے فائلر ہونے کی شرط لگانا غیرقانونی ہے،پرانی مرسڈیز خرید لیں کوئی پابندی نہیں،پارلیمنٹ کے لئے لوگوں کی ویلفیئر کے ماتحت کام کرنا ضروری ہے،عوامی توقعات سے متصادم کوئی قانون نہیں بنایا جا سکتا،فاضل عدالت نے سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔