پاک۔ چین فضائی افواج میں تعاون بڑھانے پراتفاق
ژوہائی(امت نیوز) پاکستان اورچین کی فضائیہ نے تعاون بڑھانے پراتفاق کیاہے۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے چین میں ژوہائی ایئر شوکی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، کئی ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان اور اعلیٰ سطح وفود اس موقع پر موجود تھے۔ائیر چیف نے پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ کے سٹال کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے دستے سے ملاقات کی۔ائیر چیف نے وہاں پر سٹیٹک ڈسپلے پر موجود جے ایف 17 تھنڈر کا معائنہ بھی کیا اور پائلٹ اور گراؤنڈ کریو سے ملاقات کے دوران ان کی شو میں عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا۔اس موقع کی مناسبت سے ائیر چیف نے دنیا بھر سے شرکت کنندہ فضائی افواج کے سربراہان سے ملاقات کی اور ان سے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ائیر چیف نے اپنے ہم منصب پیپلز لبریشن آرمی (ائیر فورس) کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لی آنگ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں معزز شخصیات نے اپنے ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تربیت اور صلاحیت کو بڑھانے کے پروگرامز میں مزید تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔بعد ازاں انہوں نے مختلف سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں موجود کئی ممالک کی ائیر فور سز کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔