27 ٹن اسمگل شدہ چھالیہ سے بھرا کنٹینر پکڑا گیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایکسپورٹ پروسسنگ زون کے نام پر منگوائے گئے کنٹینر سے کروڑوں مالیت کی 27ٹن اسمگل شدہ چھالیہ پکڑی گئی، کلکٹوریٹ کسٹم پریونٹو کی ٹیم نے پروسسنگ زون میں قائم کمپنی کیخلاف تحقیقات شروع کردیں جبکہ چھالیہ کی اسمگلنگ میں معاونت پر ماڈل کسٹم کلیکٹوریٹ اپریزمنٹ ویسٹ کے افسران کیخلا ف بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، کسٹم حکام کے مطابق کلکٹوریٹ آف پریونٹو کی ٹیم نے ماڈل کسٹم کلکٹوریٹ ایکسپورٹ پورٹ قاسم کی ٹیم کیساتھ مل کر” کراچی انٹر نیشنل کنٹینرز ٹرمینل “ پر چھاپہ مارکر ایکسپورٹ پروسسنگ زون کے نام پر منگوائے گئے کنٹینر سے اسمگل شدہ چھالیہ کی بھاری مقدار برآمد کرلی، جس کی مالیت کروڑوں روپے میں ہے۔ کلکٹر کسٹم پریونٹو افتخار احمد نے ’’امت کو بتایا کہ گزشتہ ماہ ایک کمپنی نے سامان کے 3کنٹینرز منگوائے تھے، جس میں سے 2میں کروڑوں کی اسمگل شدہ چھالیہ پکڑی گئی تھی، تاہم تیسرے کنٹینر کی تلاش جاری تھیں جو بدھ کوبرآمد کرلیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ کمپنی کیخلاف مقدمہ پہلے سے درج ہے، تاہم اس کنٹینرکا مقدمہ علیحدہ سے درج کیا جائے گا۔ کسٹم ذرائع کے مطابق ایکسپورٹ پروسسنگ زون کے نام پر اسمگلنگ کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کسٹم حکام کے مطابق گزشتہ ماہ ایک اور واقعے میں کسٹم پریونٹو کی ٹیم نے مس ڈیکلئریشن کے ذریعے کلیئر ہونیوالے ایک اور کنٹینر سے 18ٹن چھالیہ برآمد کرکے مقدمہ درج کیا تھا، خفیہ اطلاع پر کارروائی الحمدانٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل سے نکلنے والے کنٹینر پر کی گئی تھی، جواسٹار ٹریڈرز نے منگوایا تھا، کنٹینر کی دستاویزات میں استعمال شدہ جوتے ظاہر کئے گئے تھے، جبکہ اس میں چھالیہ اسمگل کی جارہی تھی۔