قومی اسمبلی کی کارروائی’’چوری‘‘ کے موضوع پر مباحثے میں تبدیل
اسلام آباد (نمائندہ امت) قومی اسمبلی کے اجلاس میں پانی کے معاملے پر وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واؤڈا اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے مابین تلخ جملوں کے تبادلوں میں وفاقی وزیر نے سندھ کے پانی کی چوری کا ذمہ دار مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت کو قرار دے دیا۔سندھ کو پانی کا جائز حصہ نہ ملنے سے متعلق پیپلز پارٹی کی جانب سے توجہ دلائو نوٹس پر کارروائی کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واڈا نے کہا کہ نواز شریف نے دوسرے صوبوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا اور سندھ کا پانی چوری کیا۔انہوں نے پانی کے معاملے پر سندھ حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کا عندیہ دیا۔وفاقی وزیر آبی وسائل نے اسمبلی کے ایوان میں کہا کہ سندھ کے چیف منسٹر سے ملاقات کر کے اس مسئلے کو حل کروں گا کیونکہ 58فیصد پانی کم مل رہا ہے پی ٹی آئی کے رہنما نے ٹیلی میٹرز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پانی مینوئل طریقے سے ناپا جا رہا ہے اورزبانی احکامات کے ذریعے ٹیلی میٹرز بند کیے گئے۔فیصل واڈا کی جانب سے کڑی تنقید کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اعتراض اٹھایا کہ وفاقی وزیر آبی وسائل نے الزام لگایا ہم نے سندھ اور بلوچستان کا پانی چوری کر کے پنجاب کو دیا گیا یہ معمولی بات نہیں ہے۔شاہد خاقان عباسی نے پانی چوری سے متعلق الزامات پر ایوان کی خصوصی کمیٹی بنانے یا قائمہ کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ کیا۔جس پر فیصل واڈا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کمیٹی نہیں بنے گی، جو رپورٹ ہو گی ایوان میں خود پیش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ کسی چوری یا ڈاکے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، چوری اور ڈاکے ہوں گے تو بات بھی غیر پارلیمانی ہوگی اور کارروائی بھی غیر پارلیمانی ہو گی۔وفاقی وزیرنے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر ادارے میں چوری کی۔فیصل واڈا کے بیان پر شاہد خاقان عباسی کو طیش آگیا اور انہوں نے کہا کہ اگر دوبارہ چور کہا تو آپ کو اور آپ کے والد کو بھی چور کہوں گا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ الیکشن چوری کرنے والے پردہ ڈالنے کے لیے ہر بات میں چوری کا لفظ استعمال کرتے ہیں۔جس پر فیصل واوڈا نے مزید تلخ لہجہ اختیار کیا اور کہا کہ اگر شاہد خاقان عباسی مجھے اور میرے والد کو چور کہتے ہیں یہ تو خاقان عباسی کی پرورش ہے، باپ، بیٹے، بیٹی،گھر داماد، سمدھی کٹہرے میں موجود ہیں۔اس دوران وزیر مملکت برائے کمیونیکیشن اور پوسٹل سروسز مراد سعید کے جملوں سے قومی اسمبلی کا ماحول مزید گرم ہو گیا۔مراد سعید کی جانب سے نواز شریف خاندان کو سندیافتہ چور قرار دینے پر اپوزیشن نشست کے رکن اسمبلی رانا ثناء اللہ نے جہانگیر ترین کو سندیافتہ چور کہہ دیا۔مراد سعید نے دعویٰ کیا کہ 2013کے الیکشن میں دھاندلی کاالزام ثابت ہوا اور جب وزیراعظم عمران خان 50چوروں کی بات کرتے ہیں تو مسلم لیگ (ن) کیوں شور مچاتی ہے۔جس کے جواب میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی وزراءاپنی نااہلی چھپانے کے لیے دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں مگر کوئی ثبوت پیش نہیں کرتے،ابہام پیدا کرنے کے لئے ڈاکوڈاکو کا شورکررہے ہیں،شہبازشریف نے ہتک عزت کا نوٹس بھجوایا مگر جواب نہ آیا،وزرا مسائل پربات کرنے کے بجائے شورشرابا کرتےہیں پی ٹی آئی کو جعلی مینڈیٹ دiکر قومی اسمبلی میں بٹھایا گیا ہے شہباز شریف کوایک ماہ سے کرپشن کےالزام میں بغیرثبوت گرفتاررکھا گیا ہے، ملک میں تصدیق شدہ چورایک ہی ہے اوروہ جہانگیرترین ہے۔