پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے- عمران اسماعیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ ایئر وائس مارشل احسن رفیق چوہدری نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی، جس میں پاک فضائیہ کے اقدامات آپریشنل تیاریوں، فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے عصر حاضر تقاضوں کے مطابق ڈھالنے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ پاک فضائیہ پر فخر ہے، فضائی سرحدوں کے محافظ ادارہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے موجودہ حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ملاقات میں ایئر وائس مارشل احسن رفیق چوہدری نے کہا کہ فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے پاک فضائیہ چاق وچوبند ہے، اثنا گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہائوس میں فلائنگ آفیسر مریم مختار کی والدہ ریحانہ مختار نے ملاقات کی۔ دریں اثنا گورنر سے جاپان کے قونصل جنرل توشی کا زو اسمورا نے بھی ملاقات کی۔ جس میں پاک جاپان دو طرفہ تجارتی اور ثقافتی تعلقات، سرمایہ کاری، سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔