ریمنڈ کے بدلے امریکہ عافیہ دینے پر تیار تھا-فوزیہ صدیقی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ کی بہن فوزیہ صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے ریمنڈ ڈیوس اور بریگیڈئیر برگ ڈیل کے بدلے ان کی بہن کو پاکستان کے حوالے کرنے کی پیشکش کی تھی۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے فوزیہ صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی پیشکش کے باوجود پاکستان نے عافیہ کی جگہ ’’کچھ اور‘‘ لینے کا فیصلہ کیا۔فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ کو صدر اوباما کی طرف سے صدارتی معافی کے آپشن کے وقت بھی پاکستان نے سستی دکھائی لیکن اب 100 فیصد امید ہے کہ ڈاکٹر عافیہ جلد پاکستان آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیش رفت کا بتایا ہے جس کے بعد وہ عافیہ کی رہائی کیلیے بہت پُر امید ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعظم عمران خان سے بہت زیادہ توقعات ہیں، عافیہ کی وطن واپسی کے سیاسی اور سفارتی کئی راستے کھلے ہیں۔ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ امریکا عافیہ کی رہائی پر رضامند ہے، عملی اقدامات پاکستان کو کرنے ہیں، امریکا نے پاکستان سے قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے کہا ہے۔