متاثرین ایمپریس مارکیٹ نے خودکشی کی دحمکی دیدی

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متبادل جگہ نہ ملنے پر ایمپر یس مارکیٹ کے دکانداروں نے بلدیہ عظمیٰ کے خلاف دھرنا دے دیا ہے۔متاثرین نے خودکشی کی دھمکی بھی دے دی، جبکہ آل سٹی تاجر اتحاد نے آپریشن میں کروڑوں کے نقصان کے خلاف کل(ہفتہ) ریگل چوک پر مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آپریشن کے خلاف ایمپریس مارکیٹ کے دکانداروں نےاحتجاجی کیمپ لگا کردھرنا دے دیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ متبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی، تو خودکشی کرلیں گے۔ ’’امت‘‘کو ایمپریس مارکیٹ کے جوائن سیکریٹری آغا صدرالدین نے بتایا کہ گزشتہ50برسوں سے ایمپریس مارکیٹ میں کاروبار کررہے ہیں۔تمام دکانداروں کے پاس قانونی دستاویزات موجود ہیں، جو بلدیہ عظمیٰ کراچی نے فراہم کی ہیں۔بلدیہ عظمیٰ کو دکانوں کا کرایہ باقاعدگی سے دیا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ جس دکاندار کا چھجہ باہر ہے ،تو اسے فوری ہٹایا جائے، بصورت دیگر مسمار کردیا جائے گا۔اعلان کے بعد دکانداروں نے چھجے ہٹاکر باہر رکھا سامان بھی اندر لے گئے۔انہوں نے بتایا کہ بدھ کو بلدیہ عظمی کے اعلیٰ افسران نے مارکیٹ کا رخ کیا اور کہا کہ مذکورہ مارکیٹ کو گرایا جائے گا۔دکاندار دکانیں خالی کرلیں، جس پر دکاندار سڑکوں پر آگئے اور میئر کراچی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی، لیکن میئر کراچی نے ملاقات نہیں کی۔انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ غیر قانونی تجاوزات ختم کی جائے، جبکہ ہم ہمارے پاس تو تمام دستاویزات موجود ہیں۔اس کے باوجود ہماری دکانوں کو مسمار کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کے لیے متبادل جگہ فراہم نہ ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔دریں اثنا دھرنے میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری یونس بونیری نے بھی شرکت کی۔علاوہ ازیں کراچی موٹر سائیکل مارکیٹ صدر کے دفتر میں آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین حکیم شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کہا گیا کہ تاجروں کا معاشی قتل عام اور عمر فاروقی مارکیٹ کا انہدام منظور نہیں۔صدر کی مارکیٹوں کے سن شیڈ بورڈز اور شیٹر توڑ کر تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے، جس کے خلاف تاجر ہفتہ کو 3بجے ریگل چوک پر احتجاج کریں گے۔ اجلاس میں ضلع جنوبی کی بڑی مارکیٹوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے موٹر سائیکل ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر محمد احسان گجر، اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد، صرافہ ایسوسی ایشن کے رہنما شاکر فیسی اقبال یوسف، فیضان روات، عبداﷲ بٹرا ، عثمان شریف آرام باغ مارکیٹ سے کلیم الدین بہار کالونی ٹریڈرز کے محمد شبیر، جامع کلاتھ الائنس کے محمد سمیر مومن آباد مارکیٹ کے نیاز شاہ اور شہباز نے بھی خطاب کیا۔حکیم شاہ نے کہا کہ سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کے تاجروں کی املاک کو 4روز سے توڑا جارہا ہے، جو ظلم کی انتہا ہے۔احسان گجر نے کہا کہ پتھارے لگوانے والے بدعنوان افسران کے خلاف کارروائی کے بجائے تاجروں کی دکانیں گرائی جارہی ہیں۔محمود حامد نے کہا کہ تاجروں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہیں۔شہر کی اہم مارکیٹیں آپریشن کے باعث 4روز سے بند ہیں۔ دکانوں کے شٹر اور شیڈ گرانے سے پہلے تجاوزات قائم کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔انسداد تجاوزات کے ذمہ داروں کی جائیدادوں کی تحقیقات کرائی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ متبادل روزگار دیئے بغیر عمر فاروقی مارکیٹ کو گرانے نہیں دیں گے۔مطالبات نہ مانے گئے تو پورے کراچی میں احتجاج کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More