متحدہ- تحریک انصاف کی ریلیوں سے حیدر آباد میں خوف و ہراس
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کارکنوں کی عام انتخابات میں فتح کی خوشی میں نکلنے والی ریلیوں کا شہر کے مختلف علاقوں میں آمنا سامنا، پولیس نے بروقت موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا، شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی ریلیاں مختلف علاقوں میں آمنے سامنے آ گئیں، اس موقع پر ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے قومی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں پر کامیابی کی خوشی میں ایم کیوایم کے کارکن زونل آفس پر جمع ہو گئے جہاں سے ریلی نکالی گئی یہ ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کرتی ہوئی حیدر چوک پر پہنچی تو وہاں تحریک انصاف کی ریلی پہلے سے موجود تھی دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کا سلسلہ شروع ہوگیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر کنٹرول کیا، اس کے علاوہ پھلیلی پل اورا طراف میں بھی ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی ریلیوں میں آمنا سامنا ہوا دونوں تنظیموں کے کارکن پھلیلی پل اورپھلیلی تھانہ پر جمع ہوگئے اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، پولیس نے صورتحال پر قابو رکھا اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ۔