ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں آج ایک میچ کھیلا جائیگا
سینٹ لوشیا(امت نیوز) آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ (آج) ہفتہ کو ایک میچ کھیلا جائیگا جس میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت (کل) پنجہ آزمائی کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ اپنی آب و تاب کے ساتھ شروع ہوگیا ہے۔ میگا ایونٹ 16 دن جاری رہنے کے بعد 24 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ ایونٹ کے میچز اینٹیگوا اینڈ باربوڈا، گیانا اور سینٹ لوسیا میں کھیلے جائیں گے۔ میزبان ویسٹ انڈین ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ دفاعی چیمپئن سمیت نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کی ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ دس ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ میگا ایونٹ میں فائنل سمیت کل 23 میچز کھیلے جائیں گے۔ چار میچز کے علاوہ میگا ایونٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہونگے۔ گروپ میچز کے بعد چار ٹیمیں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کرینگی جن کے درمیان میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز 22 نومبر کو کھیلے جائیں گےجبکہ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 24 نومبر کو کھیلا جائیگا۔
٭٭٭٭٭