بادشاہی مسجد کادروازہ بندکرنے سے شہری مغرب کی نمازسے محروم

0

لاہور(نمائندہ امت)بادشاہی مسجد کی انتظامیہ نے نماز مغرب کے وقت داخلی دروازے بند کر کے شہریوں کو نماز ادا کرنے سے محروم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شام عین نماز مغرب کے وقت شاہی مسجد کے داخلی دروازے بند کر دیے گئے، جس کے باعث ہزاروں افراد مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنے سے محروم رہ گئے، جس کے بعد شہریوں نے مسجد کے باہر لان میں نماز مغرب ادا کی۔ یاد رہے شاہی مسجد سے ملحقہ مزار اقبال پر تحریک لبیک کی لبیک یا رسول اللہ کانفرنس جاری تھی،تحریک لبیک کے ہزاروں کارکنان اور عام شہری کانفرنس میں شریک تھے۔ تاہم جوں ہی نماز مغرب کا وقت ہوا اور لوگوں نے نماز کے لیے مسجد کا رخ کیا تو انتظامیہ نے مسجد کے دروازے بند کروا دیے۔ تحریک لبیک پاکستان نے شاہی مسجد انتظامیہ کی اس حرکت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے گھٹیا اور کفریہ اقدام قرار دے دیا۔ ایک بیان میں تحریک لبیک کے ترجمان پیر اعجاز اشرفی کا کہنا تھا کہ مسجد انتظامیہ نے عین مغرب کی نمازکے وقت مسجد کا داخلی دروازہ عوام پر بند کر دیا، یہ حرکت گھٹیا اور کفریہ ہے، جس کے باعث ہزاروں افراد مسجد میں باجماعت نماز کی ادائیگی سے محروم رہ گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More