آمدن سے زائد اثاثوں پرحمزہ سے نیب کی ڈھائی گھنٹے تفتیش
لاہور (بیورورپورٹ/مانیٹرنگ ڈیسک)نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے بیٹے اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے ڈھائی گھنٹے تفتیش کی ہے۔ نیب لاہور میں گرفتار شہباز شریف کے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ان کے دونوں بیٹوں سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کو تحقیقات کے لئے طلب کیا تھا۔ سلمان شہباز بیرون ملک ہونے کے باعث نیب میں پیش نہ ہوئے تاہم حمزہ شہباز نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوگئے۔نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے حمزہ شہباز سے آمدن سے زائد اثاثوں، رمضان شوگر مل کا قومی خزانے سے نالہ بنوانے اور صاف پانی کمپنی میں غیر ضروری مداخلت پر سوالات کئے،ذرائع کا کہنا ہےکہ حمزہ شہباز تقریباً ڈھائی گھنٹے نیب کے دفتر میں رہے جہاں ان سے تین ڈپٹی ڈائریکٹرز نے تفتیش کی جن میں انٹیلی جنس، پراسیکیوشن اور انویسٹی گیشن ونگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق نیب افسران نے رمضان شوگر ملز کے متعلق سوالات پوچھے تو حمزہ شہباز نے جواب دیا کہ وہ اس بارے نہ تو جانتے ہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی متعلقہ کاغذ ہے، شوگر ملز کے معاملات سلمان شہباز دیکھتے ہیں، جب وہ واپس آئیں گے تو وہ جواب دیں گےتفتیش کےدوران حمزہ شہباز نیب کی ٹیم کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتے رہے تاہم ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے حمزہ کو مزید ایک سوالنامہ تھما دیا جس کا جواب ایک ہفتے میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔