آپریشن کے 5ویں ر وز بھی مارکیٹوں سے ملبہ نہ ہٹایا جاسکا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) تجاوزات آپریشن کے 5ویں روز بھی مارکیٹوں سے ملبہ نہیں ہٹایا جاسکا جس کی وجہ سے شہریوں نے مارکیٹوں کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی کے علاقوں میں جاری آپریشن کا ملبہ تاحال سڑکوں اور گلیوں سے نہیں ہٹایا گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں نے مارکیٹ کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے۔ زینب مارکیٹ،اکبر روڈ،موبائل مارکیٹ سمیت دیگر مارکیٹوں کا ملبہ بھی سڑکوں پر ہی موجود ہے۔ مذکورہ ملبے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے۔ مذکورہ آپریشن میں انکروچمنٹ سمیت دیگر ادارے بھی شریک ہیں ، تاہم انکروچمنٹ عملے کی کارروائی کے بعد کوئی بھی عملہ متاثرہ مقامات پر کام نہیں کررہا ہے۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے تاجر اپنی مدد آپ کے تحت ہی صفائی ستھرائی سمیت دیگر کاموں میں مصروف ہے۔ ‘‘امت ’’کو دکاندار معین الدین نے بتایا کہ بوہری بازار میں 4روز سے آپریشن جاری ہے تاہم 4روز سے مارکیٹ میں ملبہ پڑا ہواہے۔معین الدین نے بتایا کہ ملبہ گلیوں میں موجود ہے ۔ دھول مٹی کی وجہ سے شہریوں نے مارکیٹ کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے۔ دوسرے دکاندار فہیم الدین کا کہنا تھا کہ بجلی کی تاریں مارکیٹ کی گلیوں میں موجود ہیں کے الیکٹرک کا عملہ آپریشن کے بعد سے گلیوں میں سروے کے لیے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دکانداروں نے پیسے جمع کرکے الیکٹریشن کا انتظام کیا ہے جو بجلی کی تاریں گلیوں سے ہٹا رہا ہے۔واضح رہے کہ ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے ‘‘امت ’’کو بتایا تھا کہ ایک دو روز بعد سولڈ ویسٹ کا عملہ مذکورہ مقامات پر ملبہ صاف کرے گا۔