لندن میں چاقو گروپ نے دہشت پھیلادی
لندن(امت نیوز)لندن میں چاقو گروپ نے دہشت پھیلا دی۔ سیکڑوں اضافی اہلکار تعینات کئے جانے کے باوجود پولیس وارداتیں روکنے اورحملہ آوروں کوپکڑنے میں ناکام ہو گئی۔6 روز کے دوران برطانوی دار الحکومت کے مختلف علاقوں میں چاقو کے وار سے5افراد کو قتل کیا جاچکا ،جبکہ درجنوں کو زخمی کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔رپورٹس کے مطابق جنوبی لندن میں 16 سالہ لڑکے کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ سائوتھ وارک پارک میں38 سالہ راکی جیلال کو ہلاک کیا گیا۔ بیلنگھم میں 15 سالہ لڑکے جے ہگس کو دل میں چاقو گھونپ کر مارا گیا۔ سائوتھ ٹیوب اسٹیشن کے باہر17 سالہ میلکم مائیڈ کی جان لی گئی۔ اینرلی میں22 سالہ نوجوان چاقو کے وار سے ہلاک ہوا۔ میئر لندن نے چاقو زنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرتشویش کا اظہار کیا ہے ،جبکہ پولیس اسے منشیات فروشوں کی کارروائی قرار دے رہی ہے۔ مختلف مقامات پرچھاپے مار کر چا قو اورتیز دھار آلے بر آمد کئے گئے ،تاہم مجرم ہاتھ نہ آ سکے۔واضح رہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے برطانوی پولیس نے خصوصی فورس تشکیل دے رکھی ہے۔