الیکشن ناکامی پر آفاق نے پارٹی سربراہی چھوڑ دی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) الیکشن میں ناکامی پر مہاجرقومی مومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے پارٹی چیئرمین شپ چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مہاجر علاقے سے غیر مہاجر کا منتخب ہونا میرے لئے تکلیف دہ بات ہے۔جمعہ کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔آفاق احمد کا کہنا تھا کہ پارٹی کو اب نئی قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کارکنوں کے اصرار کے باوجود اپنا فیصلہ واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں فیصلے تبدیل کرنے والا فرد نہیں ہوں۔آفاق احمد نے کارکن کی حیثیت سے آخری سانس تک ایم کیو ایم حقیقی کے لیے جدوجہد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں جمہوری روایات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کارکنان منیجنگ کمیٹی بنائیں اور پارٹی کو دوبارہ مضبوط کریں۔ مہاجرعلاقوں سے غیرمہاجر امیدوار منتخب ہونا میرے لیئے تکلیف دہ بات ہے اور مجھے یہ قبول نہیں، شہر کا ووٹ ایم کیو ایم۔ پی ایس پی مہاجر قومی موومنٹ کو جانا چاہئے تھا، لیکن سمجھ سے بالاتر ہے۔ انتخابی نتائج میرے لئے تکلیف دہ ہیں۔ آفاق احمد کا کہنا تھا کہ اس شہر کا میرے ہاتھوں یا مہاجروں کے ہاتھوں سے جانے کا مسئلہ میرے بلکہ میری آنے والی نسلوں کا مسئلہ ہے، شہر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مہاجر قوم سے چھینا جا رہا ہے۔ اس ساری صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی کی چیئرمین شپ سے دستبردار ہورہا ہوں۔ آفاق احمد نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ یہ شہر ان کے ہاتھوں سے چھینا جارہا ہے، آفاق احمد میری باتوں پر دھیان نہیں دیا گیا اور آج یہ شیر ہاتھوں سے نکل گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بہت انقلابی تقریر کی اور جو انہوں نے وعدے کئے اگر وہ پورے کرتے ہیں تو اس کا ساتھ دیں گے۔