منی لانڈرنگ کیس میں زرداری- فریال تالپور آج اسلام آباد طلب

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک) ایف آئی اے کو رقم منتقلی کے ثبوت مل گئے ہیں جس کے بعد سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن کو بیان ریکارڈ کروانے کے لئے آج اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے ۔ جے آئی ٹی ارکان زرداری گروپ میں رقم منتقلی پر جرح کریںگے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیشی سے قبل دوسے تین ایف آئی آرز بھی درج کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔اس حوالے سے نجی بینک کے سر براہ اور دیگر تین افسران کوبھی طلب کیا جائے گا۔ فیصلہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے نجف مرزا کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا۔ علاوہ ازیں بینکنگ کورٹ نے اربوں روپےکی منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی جانب سے دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست 18 اگست تک منظور کرتے ہوئے انہیں 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے ۔ جمعہ کے روز بینکنگ کورٹ میں فریال تالپور کی جانب سے اپنے وکیل کے توسط سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی ، وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ فریال تالپور کو گرفتاری کا خدشہ ہے۔عدالت سےاستدعا ہےکہ فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظورکی جائے۔فریال تالپور کی سندھ ہائی کورٹ لاڑکانہ بینچ نےبھی حفاظتی ضمانت منظورکرلی ہے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تال پور سمیت انور مجید ، عبدالغنی مجید ، اسلم مسعود ، محمد عارف خان ، عدیل شاہ راشدی ، نصر عبداللہ حسین ، محمد اشرف ، عدنان جاوید ، محمد عمیر ، محمد اقبال آرائیں ، قاسم علی ، شہزاد علی اور اعظم وزیر خان کو مفرور قرار دیا ہے جس کے بعد فریال تالپور کی جانب سے حفاظتی ضمانت حاصل کی گئی ہے ، کیس میں حسین لوائی اور طحہ رضا گرفتار ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More