ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو شکست
کنگسٹن(امت نیوز) ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں دیندرا ڈوٹن کی تباہ کن اور ریکارڈ ساز بائولنگ کی بدولت دفاعی و عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا، ڈوٹن نے 5 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، پاکستانی ٹیم کو ابتدائی میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے، کیسیا اے نائٹ 32، کپتان سٹیفنی ٹیلر 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں، جہان آرا عالم نے 3 اور رومنا احمد نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں بنگلہ دیشی ویمن ٹیم آسان ہدف کے تعاقب میں 14.4 اوورز میں صرف 46 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ڈوٹن کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی، پوری ٹیم کی ایک بھی کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکی، فرگانہ حق 8 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ڈوٹن نے 5 شکیرا نے 2 سٹیفنی ٹیلر اور فلیچر نے ایک، ایک وکٹ لی۔ اسی روز کھیلے گئے گروپ بی کے ایک میچ میں پاکستانی ویمن کو آسٹریلیا ویمن کے ہاتھوں 52 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
٭٭٭٭٭