ٹریفک انتظامیہ نے رشوت کے عوض مافیا کو کھلی چھوٹ دیدی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈی ایم سی جنوبی کی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے بھری رشوت کے عوض مافیا کو کھلی چھوٹ دے دی، جس کے باعث قانونی چارجڈ پارکنگ میں بھی قواعد و ضوابط کی دھجیاں بکھیر کر تمام حدیں پار کرنے لگ گئی ہے۔ امت سروے میں دیکھا گیا کہ ضلع جنوبی میں کئی مقامات پر ڈسٹرک میونسپل کارپوریشن کی جانب سے قانونی چارجڈپارکنگ میں جہاں ایک لائن میں موٹر سائیکلیں پارک کرنے کی اجازت دی گئی ہے وہاں مذکورہ مقامات پر پارکنگ مافیا کے کارندے ٹریفک پولیس سے ملکر ایک لائن کی بجائے 3لائنوں میں موٹر سائیکلیں پارک کراتے ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے، بلکہ راہ گیروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی کے عوض ڈی ایم سی انچارج اور ٹریفک پولیس کو بھاری رشوت دی جاتی ہے، جس پر یہ سب غیر قانونی کام ممکن ہو پاتا ہے۔