صحافی کی غیرقانونی حراست کیخلاف پریس کلب پر احتجاجی کیمپ شروع

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعرات 8نومبر کو کراچی پریس کلب پر نامعلوم سرکاری اہلکاروں کے دھاوے، کلب کے تقدس کی پامالی اور صحافیوں کو ہراساں کرنے اور جمعہ09نومبر کی شب سینئر صحافی اور رکن کراچی پریس کلب نصراللہ خان کی غیرقانونی حراست کے خلاف اتوار کراچی پریس کلب پر احتجاجی کیمپ لگایا گیا ہے۔ کیمپ میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور کے یوجے کے تمام دھڑے کے عہدیداران، سیاستدانوں اور سول سوسائٹی سے وابستہ شخصیات شرکت کررہی ہیں، شرکا نے نصراللہ چوہدری کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ کراچی پریس کلب پر احتجاجی کیمپ کا افتتاح سیکریٹری کراچی پریس کلب مقصود یوسفی نے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک نے کہا کہ نئی حکومت کے دور میں غریب صحافی کی فریاد سننے والا کوئی نہیں ہے۔ کراچی پریس کلب پر دھاوے شدید مذمت کرتے ہیں۔ اور سینئر صحافی نصراللہ چوہدری کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ کراچی پریس کلب کے سابق صدر فاضل جمیلی نے کہا کہ جب تک نصر اللہ چوہدری کو باعزت طریقے سے بازیاب نہیں کیا جاتا اور ان کے ادارے اور فیملی سے معذرت نہیں کی جاتی ہماری جدوجہد اسی طرح جاری رہے گی۔ کراچی پریس کلب کے سابق صدر امتیاز خان فاران نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نصراللہ چوہدری کی رہائی کے لیے ہم نے آئینی طریقہ اپنایا ہے ہم سے بین الاقوامی میڈیا کے لوگ رابطہ کررہے ہیں لیکن ہمیں پاکستان کی سالمیت عزیز ہے۔ کراچی پریس کلب پر دھاوا بول کر غیر آئینی طریقہ اختیار کیاگیاہے ہماری جدوجہد نصراللہ چوہدری کی رہائی کے لیے جاری رہے گی۔سینئر صحافی اور پی ایف یو جے کے رکن جاوید اصغر چوہدری، سیکریٹری کے یو جے حامد الرحمن، ممبر کراچی پریس کلب شاہد غزالی، ممبر کے یو جے سعید جان بلوچ، سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب عامر لطیف نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ صحافی متحد ہوکر تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More