آئی جی کی 12ربیع الاول پر کنٹی جینسی پلان مرتب کرنے کی ہدایت

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے پولیس کو جاری ہدایات میں کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال اوردرپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے رینج،ڈسٹرکٹس اورزونز کی سطح پر باہم مشاورت اوررینجرزسندھ سمیت قانون نافذ کرنیوالےدیگر اداروں وانٹیلی جینس ایجنسیوں سے مربوط روابط پر مشتمل12ربیع الاول کنٹی جینسی پلان جلدسے جلد مرتب کیا جائے تاکہ صوبے میں سیکیورٹی صورتحال کو مزید مستحکم بناتے ہوئے عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے روٹس،مرکزی اجتماع گاہ پرسیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کے تحت بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ،کلیئرنس، واچ ٹاورزکے قیام، منتخب کردہ بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز کی تعیناتیوں، اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ،پکٹنگ وغیرہ کے امورکو ہرسطح پر انتہائی ٹھوس اورغیرمعمولی بنایاجائے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ 12ربیع الاول حفاظتی منصوبے کے تحت مختلف علاقوں کو انتہائی حساس،حساس اور نارمل درجہ بندیوں میں تقسیم کیا جائے جبکہ مرکزی جلوسوں کی گزرگاہوں کو سیکٹرز اورسب سیکٹرز میں تقسیم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول سیکیورٹی پلان کے تحت پولیس ریزرو پلاٹونز،اینٹی رائٹس پلاٹونزکو بھی تیار اور الرٹ حالت میں رکھا جائے جبکہ ضلعوں کی سطح پر تمام پولیس کنٹرول رومز اور مرکزی کنٹرول روم کے مابین مضبوط روابط کے ساتھ ساتھ اطلاعات احکامات ہدایات کی بروقت شیئرنگ اور تعمیلی رپورٹس کا بھی وائرلیس اسٹاف کو پابند بنایا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More