ٹنڈو جام پولیس نے نوجوان مار ڈالا- ورثا کا دھرنا
ٹنڈو جام (نمائندہ امت) ٹنڈوجام پولیس نے نوجوان مار ڈالا، جس کیخلاف ورثا نے لاش رکھ کر میرپور خاص شاہراہ بلاک کر دی۔ رامو کوہلی کو ناکے پر گولی ماری گئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈوجام کے لنک روڈ موسیٰ کھٹیان پر لغاری گوٹھ اور شبیر نظامانی کے باغات کے قریب پولیس اہلکار نے ناکے پر نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تین پولیس اہلکار روڈ پر آنے جانے والی گاڑیوں کو چیک کر رہے تھے اور ان سے بھتہ لے رہے تھے انہوں نے شبیر نظامانی کے باغ پر کام کرنیوالے 18سالہ نوجوان رامو کوہلی ولد جگو کوہلی کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا ۔اس واقعے کی اطلاع جب ان کے گھر والوں کو ملی تو وہ اُس جگہ پہنچے تو رامو کوہلی نہر میں زخمی حالت میں پڑا تھا جسے وہ اُٹھا کر اسپتال لے جارہے تھے کہ نوجوان زیادہ خون بہہ جانے سے راستے ہی میں ہلاک ہو گیا، لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ کو ہلی کمیونٹی نے واقعے کے خلاف میر پورخاص حیدرآبادہائی وے پر لاش کے ہمراہ دھرنا دیا۔ اس موقع پر راموکے والد جگو کوہلی نے بتایا کہ اس کا بیٹا شبیر نظامانی کے باغات پر چوکیداری کر تا تھا وہ اپنی ڈیوٹی پر اپنے بھائی کے ساتھ جارہا تھا کہ باغ کے قریب کھڑے پولیس اہلکاروں نے انہیں روکا اور پیسے نہ دینے پر تلخ کلامی ہوئی جب پولیس اہلکار اسے پکڑنے لگے تو یہ بھا گا تو علی رضا چانڈیو نامی سپاہی جو اس وقت سادہ لباس میں تھااس نے گولی چلا دی جو اس کے پیٹ میں لگی اور وہ نہر میں جا گرا۔ واقعے کیخلاف ہم نے دھرنا دیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف حیدرآباد کے ڈویژن صدر حاجی خاوند بخش جہیجو اقلیتی کونسلر پربھولعل پیپلزپارٹی کے رہنما شفقت شاہ رجب برفت سمیت دیگر رہنما پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انصاف کی فراہمی تک کوہلی کمیونٹی کے ساتھ ہیں حیدرآباد میر پورخاص ہائی وے بند ہونے سے مسافروں کو سردی میں شدید مشکلات سے گزرنا پڑا۔