خادم رضوی-فضل الرحمن پر غداری مقدمے کی درخواست مسترد
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے تحریک لبیک کی سربراہ خادم حسین رضوی اور جے یوآئی کے قائد مولانا فضل الرحمن کے خلاف غداری کی کارروائی کے لیے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی اور واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لے لیا اس صورت میں درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے درخواست گزار شبیر اللہ کو باور کرایا کہ احتجاج اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف حکومت کارروائی کر رہی ہے۔ جسٹس عاطر محمود نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس طرح کی درخواستیں دائر کرنے سے عدالتوں پر کیسز کا بوجھ بڑھتا ہے لیکن اس کے باوجود اس طر ح کی درخواستیں دائر کی جاتی ہیں۔ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے نشاندہی کی کہ غداری کی کارروائی کرنا وفاقی حکومت کا اختیار ہے عدالت کا نہیں، درخواست گزار کے مطابق خادم حسین رضوی اور مولانا فضل الرحمان نے ملکی اداروں کیخلاف بیان دیئے ہیں اس لیے ان کیخلاف غداری کے الزام میں کارروائی کی جائے۔