وفاق 3صوبے میڈیا بقایا جات کی ادائیگی پر تیار
اسلام آباد ( نمائندہ امت) وفاقی حکومت سمیت تینوں صوبائی حکومتیں میڈیا کے بقایا جات ادا کرنے پر رضامند ہو گئی ہیں جس کے بعد میڈیا میں بحرانی کیفیت ختم ہوجائے گی ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے میڈیا میں پھیلی ہوئی بے یقینی کی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر میڈیا کے بقایا جات ادا کر دئیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری میڈیا پالیسی عام صحافی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا ہے۔ ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت میڈیا کے بقایا جات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات، پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزرا کے علاوہ بلوچستان سمیت متعلقہ سیکرٹری اطلاعات شامل تھے۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جو میڈیا کے بقایا جات ہیں ان کو فوری طور پر جاری کئے جائیں کیونکہ چند ہفتوں سے میڈیا سے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے اور حکومت کا عزم تھا کہ بے روزگاری سے بچنا ہے اس لیے یہ فیصلہ فوری ریلیف کے طور پر کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاق اور تینوں صوبے میڈیا کے بقایا جات فوری طور پر جاری کرنے کا سلسلہ شروع کریں گے۔گزشتہ حکومت کے میڈیا کے حوالے سے اشتہارات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے جس طرح اشتہارات کو سیاست کیلئے استعمال کیا ہم اس کے حامی نہیں ہیں اور اس وقت میڈیا میں جو بے یقینی نظر آ رہی ہے اس کی وجہ بھی یہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حوالے سے توازن لے کر آئیں گے اور کوئی بھی حکومت پچھلی حکومت کی طرح اشتہار بازی کا سوچ بھی نہیں سکتی ۔ ہم نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری میڈیا پر حکومت کی سنسر شپ ختم کی اسی طرح ہم اشتہارات پر حکومت کے کنٹرول کو بھی ختم کر رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم ایک عمل بنا رہے ہیں جس کے تحت سرکاری اشتہارات حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہوں گے بلکہ وہ میرٹ کی بنیاد پر نظام سے تقسیم ہوں گے ۔مجھے امید ہے کہ اس فوری ریلیف سے میڈیا کارکنوں اور چھوٹے ملازمین کے نوکریوں کا تحفظ کویقینی بنایا جا سکے گا۔