ون ڈے رینکنگ میں فخر زمان کی ترقی
دبئی(امت نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں ویرات کوہلی، بائولرز میں جسپریت بمرا اور آل رائونڈرز میں راشد خان بدستور سرفہرست ہیں، کیوی بلے باز روز ٹیلر 3 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین تیسرے نمبر پر آ گئے، بابر اعظم کا پانچواں نمبر برقرار ہے، فخر زمان نے 6 درجے ترقی کے ساتھ 11ویں پوزیشن سنبھال لی، بائولرز میں شاداب خان 16 درجے اوپر چڑھ کر 24ویں نمبر پر آ گئے، ڈیل سٹین کی 9 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹونٹی میں واپسی ہوئی ہے، لوکی فرگوسن 31 درجے چھلانگ لگا کر 42ویں نمبر پر آ گئے۔ منگل کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں ویرات کوہلی سرفہرست ہیں اور روہت شرما دوسرے نمبر پر موجود ہیں، روز ٹیلر نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو نصف سنچریاں بنا کر 3 سیڑھیاں چڑھ کر وارنر اور روٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن سنبھال لی، بابر اعظم پانچویں نمبر پر موجود ہیں، ڈوپلیسی 3 درجے بہتری کے ساتھ ساتویں نمبر پر آ گئے، فخر زمان نے 6 درجے ترقی کے ساتھ 11ویں پوزیشن سنبھال لی، ڈیوڈ ملر 11 سیڑھیاں چڑھ کر 31ویں نمبر پر آ گئے، شان مارش 18 درجے بہتری کے ساتھ 62ویں نمبر پر پہنچ گئے، بائولرز میں جسپریت بمرا سرفہرست ہیں۔
٭٭٭٭٭