جدید ترین دفاعی نظام حماس کے راکٹ حملے روکنے میں ناکام

0

ایس اے اعظمی
اسرائیل کی حفاظت کیلئے نصب جدید ترین دفاعی نظام فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے راکٹ حملے روکنے میں ناکام ہوگیا۔ اسرائیلی انٹیلی جنس کے سرجیکل اسٹرائک کے جواب میں فلسطین کی آزادی کیلئے لڑنے والی تنظیمحماس کے ملٹری ونگ نے اسرائیل پر 400 راکٹس اور میزائل برسا دیئے۔ امریکی ساختہ اسرائیلی اینٹی راکٹس شیلڈ آئرن ڈوم محض 79 میزائلوں کو روک سکا۔ حماس کے راکٹ حملوں سے 4 اسرائیلی ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے ہیں۔ جبکہ درجنوں عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ حملوں سے بچنے کیلئے ایک لاکھ سے زائد یہودی شہریوں نے شہری دفاع کے شیلٹرز میں پناہ لے لی۔ اسرائیلی شہر بیئر شیبا سمیت اشدود میں ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ بیئر شیبا کے اسپتالوں میں حماس کے راکٹس حملوں سے زخمی ہونے والے 70 یہودیوں کے ساتھ 120 ایسے افراد کو بھی بھرتی کرایا گیا ہے، جو راکٹس اور میزائلوں کی آوازوں اور موت کے خوف سے جیتے جی مرچکے ہیں۔ اسرائیلی ملٹری کے ڈاکٹرز نے انہیں نفسیاتی مریض قراردیا ہے اور ان کو محفوظ علاقوں کو نقل مکانی کرنے کی تجویز دی ہے۔ مقامی اسرائیلی رضاکاروں نے تسلیم کیا ہے کہ اشدود سمیت اشکیلیون اور بیئر شیبا میں درجنوں سرکاری ہنگامی شیلٹرز اسرائیلی باشندوں سے بھر چکے ہیں اور یہاں موت کے خوف کے شکار ایک لاکھ اسرائیلیوں نے پناہ لی ہوئی ہے اور جب جب حماس کے راکٹس اور میزائلوں کی آمد کے سائرن بجائے جاتے ہیں۔ تب تب اسرائیلی شہریوں کی چیخ و پکار شروع ہوجاتی ہے، وہ دعائیں مانگتے ہیں اور اپنی زندگی کی بھیک طلب کرتے ہیں۔ اسرائیلی الیکشن کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی اسرائیل میں عزالدین القاسم بریگیڈ کے راکٹس اور میزائل حملوں سے لوکل الیکشن منسوخ کردیئے گئے ہیں جن کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان بعد میں حالات بہتر ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ خلیجی نیوز پورٹل الجزیرہ نے حماس ملٹری کے حوالہ سے بتایا ہے کہ حماس ملٹری ونگ نے اسرائیل کو خبر دار کیا ہے کہ اگر غزہ کے شہری علاقوں میں اسرائیلی آرٹلری اور فضائیہ کی بمباری کو کل تک بند نہ کیا گیا تو حماس کا اسپیشل راکٹس ونگ نئے دور مار میزائلوں سے بیئر شیبا کے بعد اشدود سمیت ملحقہ صہیونی بستیوں کو ویران کردے گا۔ لبنانی جریدے ڈیلی اسٹار نے انکشاف کیا ہے کہ حماس کی جانب سے نئے حملوں میں جدید گائیڈڈ اینٹی ٹینک میزائل کورنٹ کے استعمال نے اسرائیلی عسکری حلقوں میں پریشانی پیدا کردی ہے اور اسرائیلی افواج نے گائیڈڈ میزائلوں سے انفینٹری ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی تباہی سے بچائو کیلئے زمینی/ مشینی دستوں کو غزہ میں گھسنے سے روک دیا ہے۔ اسرائیلی مسلح افواج نے حماس کے راکٹس اور میزائلوں کی زد میں آنے والے ممکنہ شہروں اور قصبوں کے مکینوں کی حفاظت کیلئے ایک اینڈروائیڈ ایپلی کیشن لانچ کی ہے جس کے ذریعے فوج یا امدادی اداروں کی مدد طلب کی جاسکتی ہے۔ اس ایپلی کیشن میں لوکیشن کی بنیاد پر اسرائیلیوں کو حماس کے راکٹوں کے حملوں والی جگہوں کی بھی نشان دہی کی جاتی ہے۔ امریکی تجزیہ نگار ڈیوڈ ہالب فنگر نے تازہ رپورٹ میں حماس کے ڈپٹی ملٹری کمانڈر نور برکات کے قتل کے آپریشن کو احمقانہ اور ناکام قرار دیا ہے۔ ادھر امریکا میں متحرک یہودی تنظیم ورلڈ جیوش کانگریس نے امریکی اعلیٰ قیادت سے حماس کو کنٹرول کرنے کی اپیل کی ہے اور بتایا ہے کہ اسرائیلی سرحدی قصبوں اور دیہات میں موجود یہودی باشندے نفسیاتی مریض بن چکے ہیں اور دو روز میں حماس کے میزائلوں سے بچائو کیلئے ایک لاکھ سے زیادہ اسرائیلی شہری حکومت کی جانب سے بنائے جانے والے جنگی شیلٹرز میں گھس بیٹھے ہیں۔ بیئر شیبا ،اشکیلیون، اشدود سمیت ملحق تمام علاقوں میں اسکولز اور سرکاری ادارے بند ہیں اورنظام حیات ٹھپ پڑا ہے۔ صہیونی جریدے حارث نے انکشاف کیا ہے کہ پیرس کا دورہ عجلت میں ختم کرنے والے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے سیکورٹی کیبنٹ کی میٹنگ بلوائی ہے، جس میں اس منظر نامہ کو سنگین قرار دیا گیا ہے لیکن اس میٹنگ میں شریک اسرائیلی وزیر دفاع اور اسٹریٹیجک ماہرین نے حماس کے ساتھ دو بدو جنگ کی شدید مخالفت کی ہے، جس کے بعد نیتن یاہو نے اسرائیلی قوم کے نام پیغام میں یقین دہانی کروائی ہے کہ اسرائیل، حماس کے ساتھ غیر ضروری جنگ نہیں چاہتا۔ ادھر حماس کے ملٹری ونگ عزالدین القاسم بریگیڈ نے عالمی میڈیا اور اسرائیلی فوج کو ایک ویڈیو ارسال کی ہے جس میں ایک اسرائیلی فوجی بس کو روسی ساختہ اینٹی ٹینک کورنیٹ میزائل سے تباہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس بس کو سرحدی قصبہ میں میزائل کی مدد سے تباہ کیا گیا ہے، لیکن درجنوں اسرائیلی فوجی اس بس کو میزائل لگنے سے قبل ہی اُتر چکے تھے۔ بس میزائل لگنے کے بعد مکمل تباہ ہوئی ہے اور اس کا ڈرائیور اور قریب کھڑا گارڈ شدید زخمی ہوئے۔ حماس ملٹری ونگ کی جانب سے کئے جانے والے راکٹس حملوں کے باعث 23 اسرائیلی شاہراہوں کو بند کیا گیا ہے جہاں درجنوں گاڑیاں ان راکٹس حملوں میں تباہ ہوئی ہیں۔ اسرائیلی فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کورنیکوس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ اور آرٹلری سمیت نیول فورسز کے جہازوں نے غزہ میں 100 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں دو افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر چہ کہ عسکری حکام نے غزہ میں مزید حملوں اور اندر گھس کر کارروائیوں کی خبریں جاری کی ہیں لیکن ایسا کرنا یوں بھی ناممکن دکھائی دیتا ہے کہ اب تک اسرائیلی افواج نے انفینٹری اور مشینی دستوں سمیت ریزرو دستوں کو طلب نہیں کیا ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More