عمران خان کے اقتدار سنبھالنے پر سعودی ولی عہد کے پاکستان آنے کا اعلان
اسلام آباد (امت نیوز) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے الیکشن جیتنے پر پاکستان کو مبار ک باد دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ انتقال اقتدار کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کا دورہ کریں گے، جس میں دونوں ملکوں کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھی جائے گی۔ سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے جمعے کو عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور انتخاب جیتنے پر سعودی فرمانروا کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا اور سعودی عرب کے بارے میں جن خیالات و جذبات کا اظہار کیا گیا اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سعودی حکومت ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستان کیساتھ کھڑی رہے گی اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں خاص مقام حاصل ہے، سعودیہ ہمارا برادر ملک ہے اور ہم دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔