مقبوضہ کشمیر میں گھر گھر تلاشی کے دوران تشدد سے متعدد زخمی
لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں بانڈی پورہ اور بارہمولہ کے علاقوں میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران گھروں میں گھس کر لوگوں کو تشددکا نشانہ بنایا، سری نگر کی پریس کالونی میں صحافیوں کی گاڑیوں کی بھی وحشیانہ انداز میں توڑ پھوڑ کی گئی ۔ حریت کانفرنس کے قائدین نے رات کی تاریکی میں شہریوں کے گھروں میں گھس کر ان پر تشدد کی سخت مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی بھاری نفری نے اولڈ ٹاؤن بارہمولہ کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشیاں لیں۔ اس سرچ آپریشن میں بھارتی فورسز نے محاصرے میں لئے گئے علاقوں میں گاڑیوں اور گھروں کے دروازوں کی توڑ پھوڑ کی۔ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ علاقہ میں کشمیری مجاہدین موجود تھے ۔تاہم انہیں وہاں سے کچھ نہیں ملا جس پر سرچ آپریشن ختم کر دیا گیا۔ بھارتی فورسز نے شمالی کشمیر میں بانڈی پورہ ضلع کے پانر علاقے میں بھی کشمیری مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع پانے کے بعد اس علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔بھارتی فوج اور جموں کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی میں اس علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی مہم شروع کر رکھی ہے۔بھارتی فورسز نے پورے علاقے کو سیل کر دیا ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک سرچ آپریشن جاری تھا۔ دریں اثناء سری نگر کی پریس کالونی میں صحافیوں کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ پر کشمیری صحافیوں نے سخت احتجاج کیا ہے۔ مقامی کشمیریوں نے بھارتی فورسز اہلکاروں پر اس کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ یا د رہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے چند دن قبل انگریزی اخبار رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر سید شجاعت بخاری کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔