دھاندلی کیخلاف مظاہرے پھیل گئے۔ تحریک انصاف بھی شامل

0

بونیر/ سکھر/ ملتان(نمائندگان امت)دھاندلی کیخلاف مظاہرے پھیل گئے جن میں تحریک انصاف بھی شامل ہو گئی۔اجتماعات جمعہ کے بعد بونیر،ہنگو،لوئر دیر،چکدرہ، کوہاٹ، مردان، کرک و دیگر شہروں میں مجلس عمل نے انتخابی نتائج کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔اس موقع پر کارکنوں نے سڑکیں بلاک کر دیں اور دھاندلی کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مجلس عمل نے سکھر، ٹنڈو الٰہیار، دادو، جیکب آباد سمیت دیگرشہروں میں بھی احتجاج کیا۔ملتان میں پیپلز پارٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ حلقہ این اے 45 کرم کے انتخابی نتائج کے خلاف احتجاج پر پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ خیبر پختون اور سندھ میں ایم ایم اے کے مظاہرین نے کہا کہ نادید ہ قوتیں مذہبی جماعتوں کو اسمبلیوں سے باہر کرنا چا ہتی ہیں ہمیں کسی بھی صورت پہلے سے تیار شدہ نتا ئج قبول نہیں ہیں،عام انتخابات کو فوری طور پر کالعد م قرار دیکر شفاف انتخابات کروائے جائیں۔ چکدرہ میں مجلس عمل کے صوبائی صدر مولانا گل نصیب نے خطاب میں کہاکہ اسرائیل کو تسلیم کرانے کا ایجنڈاقابل عمل بنانے کے لئے پی ٹی آئی کو دھاندلی کے ذریعے اقتدار سونپاجارہاہے مگر ایم ایم اے الیکشن کی بجائے اس سلیکشن کو کسی طور تسلیم نہیں کرے گی۔کوہاٹ میں جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا عبدالحئی نے اعلان کیا کہ پیر کو انڈس ہائی وے زیرو پوائنٹ کے مقام پر سڑک کوبند کرکے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔مردان میں ایم ایم اے اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے احتجا جی مظاہر ے کئے۔ دریں اثنا این اے 51سے پی ٹی آئی کے امیدوار قیصر جمال کے فوکل پرسن عید محمد خان نے دونوں ایف آرز کے مشران کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایف ارز لکی مروت اور ڈی آئی خان میں جے یو آئی کے امیدوار مفتی عبدالشکور کی طرف سے تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی۔انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقوں 45-51-87-90 کے نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جعلی ووٹ کاسٹ ہونے،من پسندعملے کی تعیناتی، خواتین کو ووٹ سے روکنے،حساس پولنگ ا سٹیشنر پر کیمروں کے بند ہونے کے الزامات لگائے ۔علاوہ ازیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے پی ٹی آئی ضلع کرم کے رہنماوٴں مجاہد خان چمکنی، سید کمال، ذبیح اللہ، ہارون رشید ، فاروق خان، زاہد الرحمن نے کہا کہ ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 میں جے یو آئی کے امیدوار نے منصوبے کے تحت دھاندلی کی۔ بعد ازاں کچہری میں این اے 45کے انتخابی نتائج کے خلاف پی ٹی آئی کے امیدوارحاجی جمال کی قیادت میں احتجاج کے دوران سرکاری دفاتر کی جانب بڑھنے کی کوشش پر پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہوگئے۔ جبکہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ روز ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ،مظاہرین نے الزام لگایا کہ حلقہ 154 میں دھاندلی کے ذریعے پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالقادر گیلانی کو ہرایا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More