منگھوپیر سے7بچوں کی ماں شیر خوار بیٹی سمیت اغوا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) منگھوپیر میں بہنوئی نے7 بچوں کی ماں کو ڈیڑھ سالہ بیٹی سمیت مبینہ طور پر اغوا کرلیا، ملزم شوہر پر بیوی کو طلاق دینے کیلئے دباؤڈال رہا ہے۔ مغویہ کے شوہر کا کہنا ہے کہ اغوا میں اس کا ہم زلف ملوث ہے، پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرلیاہے۔متاثرہ شخص نےاعلیٰ حکام سے بیوی کی بازیابی کیلئے اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر کے علاقے خیر آباد فقیر محمد گوٹھ کے رہائشی محنت کش برکت کی بیوی جو7بچوں کی ماں اور اسکی ڈیڑھ سالہ بیٹی شکیلہ کو بعض افراد مبینہ طور پر اغوا کرکے لے گئے۔مغویہ کے دیور شوکت نے رابطے پر بتایا کہ واقعہ ایک ہفتہ قبل پیش آیا، جب میرے بھائی کی سالی کا شوہر صغیر اپنے دیگر ساتھیوں کیساتھ میری بھابھی صائمہ مجھے اور دیگر3بچوں کو اغوا کرکے حیدرآبادلے گیا تھا،جہاں سے3روز قبل میں اپنے دیگر بھتیجوں کے ہمراہ بھاگ کر کراچی اپنے گھر پہنچ گیا۔ شوکت نے مزید بتایا کہ میری بھابھی7ماہ کی حاملہ ہے،پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، تاہم ابھی تک کسی کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا ہے۔ مغویہ کے دیور شوکت کا مزید کہنا ہے کہ میرے بھائی کا ہم زلف ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔مغویہ کے شوہر برکت رند نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ صائمہ اور ڈیڑھ سالہ بیٹی شکیلہ کو جلدبازیاب کراکر ان کی جان بچائی جائے۔ ایس ایچ او دیدار نے رابطے پر بتایا کہ صائمہ نامی خاتون کے اغوا کا مقدمہ درج ہوا ہے جبکہ مقدمے میں مغویہ کے شوہر برکت رند کے ہم زلف صغیر کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ صائمہ اپنے شوہر کے بھائی کیساتھ گھومنے حیدرآباد گئی تھی،جہاں وہ اسے چھوڑ کر خود اکیلا واپس آگیا تھا۔ تاہم مقدمہ درج کرکےتفتیش شروع کردی گئی ہے۔