طاہر داوڑ سرکاری اعزاز کے ساتھ پشاور میں سپرد خاک
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) کے پی کے پولیس کے شہید ایس پی طاہر خان داوڑ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ افغانستان میں شہید ہونے والے ایس پی طاہر خان داوڑ کی نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ سے قبل پولیس کے دستے نے شہید افسر کی میت کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔شہید پولیس افسر کی نماز جنازہ میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر، آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود، شہرام ترکئی اور اجمل وزیر سمیت اعلیٰ سرکاری و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔طاہر خان داوڑ کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ پشاور کے علاقے حیات آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔