ڈاکٹر عاصم کو علاج کیلیے بیرون ملک جانے کی اجازت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کی کرپشن ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم کو علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔عدالت نے 2 گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔ احتساب عدالت نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) میں 23 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں مفرور ملزمان سابق منیجنگ ڈائریکٹر نعیم یحیٰ میر اور سی ای او بائیکو عامر عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید کارروائی 24 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔احتساب عدالت کے منتظم جج نے کراچی کے 4 ہزار سے زائد پلاٹوں کی فائلوں میں ردو بدل سے متعلق کیس میں نیب کو ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔سماعت کے دوران نیب کی جانب سے ریفرنس دائر کرنے کے لیے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ساڑھے چار ماہ گزر جانے کے باوجود ریفرنس دائر نہیں کیا جا سکا۔