وظیفہ بندش سے 270پاکستانی طلباء چین میں پھنس گئے
لاہور(امت نیوز) 270 پاکستانی طلبا وظیفے بند ہونے کے باعث چین میں پھنس گئے۔متاثرہ نوجوانوں نے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کر دی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دور حکومت میں میاں محمد شہباز شریف نے چائنیز لینگویج کورس شروع کرایا تھا جس کا مقصد طلبا کو چین میں رہ کر وہاں کی زبان سے آشنائی کے مواقع فراہم کرنا تھا۔2017 میں اس منصوبے کے تحت آخری بیچ گیا جو 270 طلباء پر مشتمل تھا۔اب ان طلبا و طالبات کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے ۔نئی حکومت نے منصوبے کی ذمہ داری قبول کرنے سے معذوری ظاہر کر دی۔اس حوالے سے طلبا اپنی حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں۔طلباء کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے بھیجے گئے تھے مگر اب ان کو وظیفہ نہیں دیا جا رہا۔اس حوالے سے جب انہوں نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے وظیفے رکنے کی وجہ یہ بتائی کہ مذکورہ منصوبہ گزشتہ حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا تھا اور موجودہ حکومت اس میں دلچسپی نہیں رکھتی۔متاثرہ طلبا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان تو ہر وقت نوجوانوں کی بات کرتے ہیں لیکن خود ان کی حکومت نے ہم سے یہ سلوک روا رکھا ہوا ہے۔نوجوانوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے کر طلبا کی مشکل حل کریں۔