ماہرین فلکیات نے 3کہکشاؤں کے غائب ہونےکا انکشاف کردیا

0

پیساڈینا(امت نیوز) ناسا نے چند سال قبل دریافت ہونے والی ایک دوردراز کہکشاں کے بارے میں دلچسپ انکشاف کیا ہےکہ وہ بہت تیزی سے دیگر کہکشاؤں کو ہڑپ کررہی ہے۔اس کہکشاں کا نام بھی اپنے کام کی طرح عجیب ہے جس پر کسی پاس ورڈ کا گمان ہوتا ہے۔ WISE J224607.55-052634.9 نامی یہ کہکشاں پہلی مرتبہ چلی میں واقع مشہور رصدگاہ نےدریافت کی تھی۔ مسلسل مشاہدے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ انتہائی بھوکی کہکشاں اپنی پڑوسی کہکشائوں کو نگل رہی ہے اور اس کے اندر جذب ہونے سے قبل ثقل کے زور سے شکار کہکشائیں ٹیڑھی میڑھی ہوکر فنا ہورہی ہیں۔ناسا کاکہناہے کہ یہ ہماری معلومات کے مطابق ’انتہائی روشن ترین‘ کہکشاں بھی ہے کیونکہ یہ دوسری کہکشاؤں کا ایندھن چرارہی ہے۔اب تک تین کہکشاؤں کے کھائے جانے کی تصدیق ہوچکی ہے اور یوں اس کے قلب میں گیسیں گرم اور روشن ہوکر دہک رہی ہیں ۔اس کے قلب میں ایک بلیک ہول بھی ہے لیکن ساتھ ہی نئے ستارے بھی بن رہے ہیں ۔ اس لحاظ سے یہ ایک انوکھی کہکشاں بھی ہے۔جرنل سائنس میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق پرانے ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ اس کے قریب تین پڑوسی کہکشائیں تھیں لیکن ان کے درمیان کوئی واسطہ اور تعلق نہ تھا۔ تحقیقی ٹیم کے سربراہ تانیو ڈیاز سانٹوز نے کہا کہ ہمیں اس کی ہم جنس خوری کا معلوم نہ تھا لیکن چلی کے فلکیاتی آبزرویٹری نے اس کی تصدیق کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More