نیو کراچی میں تولیہ فیکٹری جل کر تباہ -فائرفائٹر سمیت 3 افراد زخمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گبول ٹاؤن میں تولیہ و ہوزری کی فیکٹری میں لگنے والی خوفناک آگ پر 8 گھنٹوں کی سخت کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا، آتشزدگی کے دوران فیکٹری کی عمارت کو مخدوش قراردے دیا گیا ،جبکہ فائر بریگیڈ کے عملے کوآگ پرمکمل کنٹرول کرنے میں پانی کی کمی اور تنگ گلیوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا رہا، آتشزدگی کے باعث فیکٹری میں موجود بھاری مالیت کا خام مال، تیار تولیہ، ہوزری، مشنیری اور دیگر سامان مکمل طورپر جل کرخاکستر ہو گیا، آگ بجھانے کے عمل میں فائر فائٹر سمیت 3افراد زخمی بھی ہوئے، آگ پر کے ایم سی کے 11فائر ٹینڈر اور پاک بحریہ کی ایک گاڑی نے قابو پانے میں حصہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوارکی علی الصباح گبول ٹاؤن تھانے کے علاقے نیو کراچی صنعتی ایریا کے قریب تولیہ و ہوزری کی فیکٹری 2منزلہ عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ،جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور فیکٹری سے اٹھنے والا دھواں آسمان پر پھیل گیا۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر فائر بریگیڈ کے عملے کو طلب کر لیا گیا اور کچھ ہی دیر میں فائر بریگیڈ کی 3فائر ٹینڈر موقع پر پہنچی ،جنہوں نے آگ کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی ،تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کی مزید 7گاڑیاں اور اسنارکل بھی بھیج دئیے گئے، فائر بریگیڈ کے عملے کو تنگ گلیوں کے باعث فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، آتشزدگی کے باعث قریبی عمارتوں کو بھی فوری خالی کرالیا گیا اور فائر بریگیڈ کے عملے نے فیکٹری کی عمارت کو انتہائی مخدوش قرار دے کر علاقہ مکینوں کو فیکٹری سے دور رہنے کی ہدایت کردی، فائر بریگیڈ کے عملے نے 3مقامات سے عمارت کی دیواریں توڑ کر اور فیکٹری سے متصل فیکٹریوں کی چھتوں پر چڑھ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی ،تاہم فیکٹری کی چھت کی دیوارگرنے سے ملبے تلے آکرایک فائر فائٹر سمیت3 افراد زخمی ہو گئے ،جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، ڈپٹی چیف فائر آفیسر محمد امتیاز کے مطابق فائر بریگیڈ کو فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع صبح4 بجکر 14منٹ پرموصول ہوئی ،جس پر فائر بریگیڈ کی 3فائر ٹینڈر موقع پر بھیج دی گئی تھیں ،تاہم فائر بریگیڈ کو پانی کی کمی کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سخی حسن واٹرہائیڈرنٹ کی بندش کے باعث فائر ٹینڈر نیپا چورنگی کے قریب واقع واٹر ہائیڈرنٹ سے پانی بھرنے جارہی تھی ،جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں تاخر ہوئی ۔بعدازاں کمشنرکراچی کی ہدایت پرفیکٹری کے مقام پرواٹرٹینکرپہنچا دئیے گئے ،جبکہ آگ پرقابو پانے کے لیے پاک بحریہ کی ایک فائر ٹینڈراورعملہ بھی موقع پر پہنچ گیا،اسی دوران فیکٹری میں موجود ہوزری کے کپڑوں کے بورے نکالنے شروع کر دئیے گئے، فیکٹری میں لگنے والی آگ پر تقریبا 8گھنٹوں کی سخت کوششوں کے بعد قابو پا لیا گیا ۔اس دوران فیکٹری میں موجود بھاری مالیت کا خام مال، تیار تولیہ ، ہوزری ، مشنیری اوردیگر سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا۔