قومی وطن پارٹی کا ایس پی طاہر داوڑ کے قتل کیخلاف مظاہرہ
پشاور(نمائندہ امت) قومی وطن پارٹی نے ایس پی طاہر داؤڑ کے قتل کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاجس کی قیادت قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر کررہے تھے جبکہ مظاہرے میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان،اسد آفریدی ایڈووکیٹ، صوبائی نائب چیئرمین افضل خان پنیالہ اور سیکرٹری کلچرونگ ڈاکٹر عالم یوسف زئی کے علاوہ پارٹی کے ضلعی ،سٹی ڈسٹرکٹ ،یوتھ اور سٹوڈنٹس ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہید ایس پی طاہر داوڑ کے قاتلوں کو گرفتار کرنے اور ملوث عناصرکو قانون کے کٹہرے میں لانے اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے علاوہ دیگر نعرے بھی درج تھے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایس پی طاہر داؤڑ کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے کیلئے اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے۔